عوام ای پاسپورٹ لینے سے کیوں کترا رہے ہیں؟

منگل 28 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے ملک بھر میں ای پاسپورٹ کا اجرا شروع کردیا گیا ہے لیکن عوام کی اکثریت اس جانب راغب ہونے کی بجائے عام پاسپورٹ ہی حاصل کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے ای پاسپورٹ کے حوالے سے کام جاری تھا اور اب اس کے اجرا کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جلد ہی اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت دیگر انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر ای گیٹ یا اسمارٹ گیٹ نصب کردیے جائیں گے۔

ای پاسپورٹ کے فوائد کیا ہیں؟

پاسپورٹ آفس میں گزشتہ 15 برس سے کام کرنے والے ایک افسر نے بتایا کہ ای پاسپورٹ کے ذریعے پاسپورٹ کے عمل میں تیزی آئے گی کیونکہ ای مشین ایک دن میں 5 ہزار پاسپورٹ بنا سکتی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 30 تا 50 ہزار شہری پاسپورٹ کے لیے اپلائی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’فی الوقت ایک ہی مشین دستیاب ہے تاہم اس کو مکمل ای سسٹم بنانے کے لیے کم از کم 3 پاسپورٹ مشینوں کی ضرورت ہوگی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کا فائدہ یہ ہے کہ جب ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کر دیے جائیں گے تو پاسپورٹ خواہ بیگ میں ہو یا جیب میں مسافر ان اسمارٹ گیٹس سے گزرتے ہوئے امیگریشن پراسس مکمل کر لیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ای پاسپورٹ میں 20 سے زائد سیکیورٹی فیچرز بھی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا چونکہ ای پاسپورٹ کی فیس نارمل پاسپورٹ کی فیس سے کافی زیادہ ہے اس لیے بہت کم لوگ ای پاسپورٹ کے لیے اپلائی کرتے ہیں اور روزانہ تقریباً 3 ہزار ای پاسپورٹ ہی بنتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیونکہ لوگ اتنی زیادہ فیس ادا نہیں کرنا چاہ رہے اس لیے وہ نارمل پاسپورٹ کو ہی ترجیح دے رہے ہیں۔

ای سسٹم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص آج 10 سال کا نارمل پاسپورٹ بنواتا ہے اور اگلے 2 سال کے دوران سارا سسٹم ای پاسپورٹ پر منتقل ہو جاتا ہے تو اس صورت میں پہلے سے بنوائے گئے نارمل پاسپورٹ کے ذریعے سفر بہرحال ممکن رہے گا تاوقتیکہ اس کی مدت پوری نہیں ہوجاتی لیکن اس دوران اگر بیرونی ممالک اس پاسپورٹ کو مسترد کر دیتے ہیں تو پھر تو ہر حال میں ای پاسپورٹ ہی بنوانا پڑے گا۔

ای پاسپورٹ کی فیس کتنی ہے؟

5 سال کے لیے 36 صفحات پر مشتمل ای پاسپورٹ کی نارمل فیس 9 ہزار روپے اور ارجنٹ کی 15 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ 10 سال کی مدت کے ای پاسپورٹ کی نارمل فیس ساڑھے 13 ہزار روپے جبکہ ارجنٹ کی ساڑھے 22 ہزار روپے ہے۔

72 صفحات پر مشتمل 5 سال تک کارآمد رہنے والے ای پاسپورٹ کی نارمل فیس ساڑھے 15 ہزار روپے اور ارجنٹ فیس 27 ہزار روپے ہوگی۔ 10 سال کی مدت کے 72 صفحات والے ای پاسپورٹ کی فیس 24 ہزار 750 روپے اور ارجنٹ فیس ساڑھے 40 ہزار روپے ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کسی بھی پاسپورٹ آفس سے ای پاسپورٹ بنوانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔ ای پاسپورٹ میں پاسپورٹ ہولڈر کا سارا ریکارڈ اور سفری تفصیل موجود ہوگی۔ جلد ہی یورپ اور امریکا سمیت دیگر ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانوں میں بھی ای پاسپورٹس بنانے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp