غزہ: تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے 37 دن بعد بچے کو زندہ نکال لیا گیا

منگل 28 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

’کہا جاتا ہے جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے‘ اور ’مارنے والے سے بچانے والا بڑا ہے۔‘ یہ بزرگوں کے اقوال ہیں اور جب ایسی بات انسان اپنی آنکھوں سے دیکھ لے تو وہ اللہ کی حقانیت کا دل سے احترام اور اعتراف کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔

ایسا ہی واقعہ غزہ میں پیش آیا ہے، جس سے وہاں کے لوگوں کا اللہ اور اس کے معجزوں پر ایمان مزید پختہ ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک بچے کو دکھایا گیا اور اس کے کیپشن میں لکھا گیا ہے، ’غزہ میں تباہ شدہ عمارت کے ملبے کے نیچے سے 37 دن بعد زندہ نکالا جانے والا بچہ‘۔

اتنے دنوں بعد ایک بچے کا ملبے تلے دبے رہنا اور پھر زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں، یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا صارفین بھی اس کو اللہ کی قدرت قرار دے رہے ہیں اور ’جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے‘ اور ’مارنے والے سے بچانے والا بڑا ہے‘ جیسے اقوال زریں سے اللہ کی بڑائی بیان کر رہے ہیں۔

ایکس صارف ماجد لکھتے ہیں، ’ یہ تو رب ہی جانتا ہے کہ اس نے اس بچے سے کیا کام لینا ہے جو اتنے دنوں کے بعد بھی ایسے حالات میں زندہ رکھا۔‘

ایکس صارف ماہزیب حید ر لکھتی ہیں کہ ’37 دن ، یقین کرنا مشکل ہے۔ اللہ کی قدرت ہے جو پتھر کے نیچے بھی رزق دیتا ہے۔ ‘

صادر خان خٹک لکھتے ہیں کہ ’بیشک مارنے والے سے بچانے والا بہتر ہے۔ ‘

اعظم ثانی نے لکھا ’ (یہ بچہ) وقت کا موسیٰ ہے جسے خدا نے زندہ رکھنا چاہا۔‘

ٹریولر ٹوورڈ جناح نامی ایکس اکاؤنٹ سے لکھا گیا، ’ اللہ نے حضرت موسیٰ کے لیے دریا کو پھاڑ دیا تھا، فرعون نے سب بچوں کو قتل کروا دیا، ایک موسی کو اللہ نے پھر بھی بچا لیا۔ اللہ ہے، اللہ تھا اور اللہ رہے گا۔‘

ایکس صارف ملکہ سیرت نے قرآن پاک کی آیت کا ترجمہ لکھا ’ اور تُم اپنے ربّ کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے۔‘ سبحان اللہ، اللہ اکبر۔

عمران سجیلا نے لکھا کہ ’غزہ والے کتنے خوش قسمت ہیں، ہم تو اللہ کے معجزوں کے بارے میں صرف سن رہے ہیں اور غزہ والے اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔‘

واضح رہے کہ حماس کی 7 اکتوبر کی اسرائیل کے خلاف کارروائی کے جواب میں اسرائیل نے غزہ کے نہتے شہریوں پر 25 نومبر تک مسلسل وحشیانہ بمباری جاری کی، اسرائیل کی بمباری سے 15000 سے زیادہ فلسطینی شہری جاں بحق ہوئے۔

اسرائیل کی بمباری سے 6000 سے زیادہ بچے اور 3500 سے زیادہ خواتین بھی جاں بحق ہوئیں جبکہ 6000 سے زیادہ شہریوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp