غیرقانونی کرنسی ایکسچینج کیخلاف کریک ڈاؤن؛ 39 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی کرنسی برآمد

منگل 28 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حوالہ ہنڈی اورغیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف رواں برس کریک ڈاؤن کے دوران ایف آئی اے کراچی زون نے مجموعی طور پر 39 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرتے ہوئے 77 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون ضعیم اقبال شیخ کی ہدایت پر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں رواں سال کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج کی نشاندہی ہونے پر 48 چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق رواں سال 41 مقدمات درج کر کے 77 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے جبکہ40  انکوائریوں میں تفتیش بھی مکمل کی گئی ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل کی گئی تھی۔

’رواں سال چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر کراچی زون نے 39 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی، برآمد کی گئی کرنسی میں 26 کروڑ 42 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے سمیت 3 لاکھ 27 ہزار 16 امریکی ڈالر، 4 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی بھی شامل ہے۔‘

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ  میں ملوث عناصر کے خلاف ٹھوس شواہد کی روشنی میں قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی، غیر قانونی کرنسی کی خریدوفروخت میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp