قومی کرکٹر سے رشوت لینے پر سندھ پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی

منگل 28 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی صہیب مقصود کی جانب سے سندھ پولیس پر رشوت طلب کرنے کا الزام لگانے پر آئی جی سندھ نے نوٹس لیا ہے جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

قومی کرکٹر صہیب مقصود نے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں لکھا تھا کہ ہم خوش قسمت ہیں جو پنجاب میں رہتے ہیں سندھ میں نہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے لکھا کہ میں ساتھی کرکٹر عامر یامین کے ہمراہ کراچی سے لاہور بذریعہ ٹرین سفر کر رہا ہوں، سندھ پولیس اتنی کرپٹ ہے کہ ہر 50 کلومیٹر کے بعد روک کر پیسے مانگتی ہے، اور آپ کو دھمکی دی جاتی ہے کہ پولیس اسٹیشن لے جایا جائے گا۔

https://twitter.com/sohaibcricketer/status/1729219848230613220?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1729220092687438184%7Ctwgr%5Ed4db2b7e50208414c8ba5c4773f45109cad505c1%7Ctwcon%5Es2_&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.dawnnews.tv%2Fnews%2F1217496

انہوں نے کہاکہ پیسے نہ دینے پر 50 کلومیٹر کے بعد پھر روک کر پیسے مانگے جاتے ہیں، سندھ پولیس میں کرپشن عروج پر پہنچ گئی ہے۔

صہیب مقصود نے لکھا کہ سندھ پولیس نے ہم سے 8 ہزار روپے رشوت لی، ’یہ تعارف بھی کرایا کہ ہم بین الاقوامی کرکٹر ہیں مگر پھر بھی نہیں چھوڑا گیا‘۔

بعد ازاں کرکٹر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ سکرنڈ میں پیش آیا۔

کرکٹر عامر یامین نے صہیب مقصود کے بیان کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سندھ پولیس کے سوشل میڈیا پر موجود آفیشل اکاؤنٹ کو ٹیگ کیا۔

صہیب مقصود اور عامر یامین کی جانب سے معاملے کو سامنے لانے پر آئی جی سندھ رفعت راجا نے فوری تحقیقات کا حکم دیا۔

انسپکٹر جنرل پولیس کی ہدایت پر پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لائی، اور اب ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد پرویز چانڈیو نے بتایا ہے کہ واقعہ میں ملوث 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ تھانہ سکرنڈ کے ایس ایچ او اور بڑے منشی کو لاپروائی پر معطل کر دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp