برطانوی شہزادے ہیری ( ڈیوک آف سسیکس ) اور ان کی اہلیہ ( ڈچز آف سسیکس ) میگھن مارکل کے خطابات ’ ڈیوک ‘ اور’ ڈچز ‘ خطرے میں پڑ گئے ہیں ۔
برطانوی اخبار ’ ایکسپریس ‘ کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ ایک ایسا بل پاس کرنے پرغور کر رہی ہے جس کی وجہ سے پرنس ہیری اور میگھن مارکل کے ’ ڈیوک ‘ اور’ ڈچز ‘ کے خطابات خطرے میں پڑسکتے ہیں۔
کنزرویٹو پارٹی کے ممبر آف پارلیمنٹ باب سلی پرائیویٹ ممبر بل پیش کرنے کی کوشش میں ہیں جس سے پرنس ہیری اور میگھن مذکورہ بالا خطابات منسوخ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ ملکہ الزبتھ دوم نے شہزادہ ہیری اور میگھن کو ’ ڈیوک ‘ اور’ ڈچز ‘ آف سسیکس کے خطابات پانچ برس قبل ان کی شادی کے موقع پردیے تھے۔
شہزادہ ہیری اور میگھن2020 میں شاہی خاندان کے خطابات سے دستبردار ہو گئے تھے لیکن ان کے ’ ڈیوک ‘ اور ’ ڈچز ‘ کے خطابات برقرار رہے ۔
شاہی خاندان سے متعلق امور کے نامہ نگار جوناتھن سیسرڈوٹی نے ’ فاکس نیوز‘ کو بتایا کہ باب سلی کی طرف سے پرائیویٹ بل متعارف کروانے کا مقصد 1917کے ’ خطابات سے محرومی کے قانون ‘ میں ترمیم کرنا ہے جو جنگ عظیم کے دوران میں جرمن شاہی خاندان سے برطانوی خطابات واپس لینے کے لئے استعمال کیا گیا تھا۔
’ ڈیلی ایکسپریس ‘ کے مطابق رائے عامہ کے ایک حالیہ جائزے میں 96 فیصد قارئین نے اس اقدام کی حمایت کی ہے۔