انتخابات میں تاخیر کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کے لیے جلد سماعت کی درخواست دائر کردی گئی۔
وکیل و سیاسی رہنما ظفر علی شاہ نے کیس جلد سماعت کی درخواست دائر کی جن کا کہنا تھا کہ جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے نوٹ میں صدر مملکت اور الیکشن کمیشن کو انتخابات میں تاخیر کا ذمہ دار قراردیا۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے جج کی اوبزرویشن کے باوجود انتخابات موجودہ سیٹ اپ کے تحت ہو رہے ہیں۔
ظفر علی شاہ کا کہنا تھا کہ درخواست کو نمبر لگنے کے باوجود گزشتہ 8 ماہ سے کیس سماعت کیلئے مقرر نہیں کیا گیا اور انتخابات میں تاخیر کے ذمہ داران ہی انتخابات کروانے کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ درخواست کو 4 دسمبر سے شروع ہونے والے ہفتے میں سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔