امریکی تاریخ کے بااثر ترین وزیر خارجہ ہنری کسنجر انتقال کر گئے

جمعرات 30 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کے سابق وزیر خارجہ ہنری کسنجر انتقال کرگئے ہیں۔ ہنری کسنجر کی عمر 100 برس تھی، ان کا انتقال ریاست کنیکٹی کٹ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔

ہینز الفریڈ کسنجر 27 مئی 1923 کو باویریا میں ایک متوسط یہودی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان 1938 میں نیویارک میں جرمن-یہودی برادری سے آ ملا۔ کسنجر ابھی ہائی اسکول میں تھے کہ انہیں فوج میں بھیج دیا گیا جہاں ان کی صلاحیتوں کا ملٹری انٹیلی جنس نے خوب استعمال کیا۔

23 سال کی عمر میں کسنجر کو سابق گسٹاپو افسران کو پکڑنے کے لیے ایک ٹیم دی گئی جس کے پاس مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے اور حراست میں لینے کا مکمل اختیار تھا۔

ہنری کسنجر نے امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی سے سیاسیات کی تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے 1957 میں شائع ہونے والی اپنی کتاب نیوکلیئر وار اینڈ فارن پالیسی سے مقبولیت حاصل کی جس میں ایٹمی میزائلوں کے محدود استعمال کو فروغ پر بات کی گئی تھی۔

1968 میں سرد جنگ کے عروج پر اور صدر رچرڈ نکسن کے دور حکومت میں کسنجر امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر بن گئے۔

کسنجر کی بہتر تعلقات کی پالیسی کی بدولت امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں کمی واقع ہوئی جس کے بعد صدر نکسن نے 1972 میں چین کا تاریخی دورہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی ثالثی میں چین کے ساتھ مذاکرات کیے تھے اور اسلام آباد کے راستے بیجنگ کے خفیہ دورے بھی کیے تھے۔

انہوں نے جنوبی ویتنام سے امریکی فوج کے انخلا کے لیے بات چیت میں اہم کردار ادا کیا جس پر انہیں امن کے نوبل انعام سے نوازا گیا۔

تاہم، ہنری کسنجر کی کچھ پالیسیاں متنازعہ بھی رہیں، انہوں نے غیر جانبدار کمبوڈیا پر بمباری کے فیصلے پر صدر نکسن کی حمایت کی، اس پالیسی کے نتیجے میں ہزاروں شہری مارے گئے تھے۔

ہنری کسنجر کی سفارتی کوششوں سے ہی 1973 کی عرب اسرائیل جنگ میں سیزفائر میں مدد کی۔

ہنری کسنجر امریکا کے انتہائی متنازع مگر قابل احترام سفارتکاروں میں سے ایک تھے، انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو 2017 میں اپنے انتخاب کے بعد خارجہ امور کے بارے میں آگاہ کیا تھا اور کئی معاملات کے علاوہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے کریمیا پر قبضے کو قبول کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

 2023 میں ہنری کسنجر نے چین کا غیر معمولی دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp