لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی تقاریر اور گفتگو نشر کرنے پر پابندی کے خلاف درخواست پر پاکستان براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن کو تحریری جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تقاریر، گفتگو اور بیانات ٹی وی چینلز پر نشر کرنے پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قانونی طور پرسیاسی جماعتوں کو برابری کےاصول پر ائیر ٹائم ملنا قانونی تقاضا ہے، لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کا نوٹیفیکشن معطل کر دیا تھا ، اس کے باوجود ٹی وی چینلز کو چیئرمین پی ٹی آئی کی تقاریر اور بیان نشر کیے جانے سے روکا جا رہا ہے۔
پاکستان براڈ کاسٹر ایسو سی ایشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پیمرا نے ٹی وی چینلز کو چیئرمین پی ٹی آئی کا نام لینے سے منع نہیں کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کا نام میڈیا پر لیا جا رہا ہے بلکہ اب تو ٹاک شوزمیں بھی لیا جاتا ہے۔
عدالت نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کو آئندہ سماعت پر تحریری جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔