بھارت سے اپنے فیس بک دوست نصراللہ سے شادی کرنے 4 ماہ قبل خیبرپختونخوا کے ضلعے دیر بالا ہہنچنے والی انجو بالآخر اپنے وطن واپس لوٹ گئیں۔
نصراللہ سے شادی کے بعد ان کی اہلیہ انجو سے فاطمہ بن گئی تھیں۔ 34 سالہ بھارتی خاتون واہگہ بارڈر کے ذریعے دیر بالا کے علاقے کلشودیر میں واقع 29 سالہ نصراللہ کے گھر اس سال 22 جولائی کو پہنچی تھیں۔ وہ بھارت میں اپنے شوہر اور بچوں کو چھوڑ کر پاکستان آئی تھیں۔ تاہم بدھ کی دوپہر وہ واہگہ بارڈر کے راستے ہی بھارت واپس چلی گئیں۔
سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں، نصراللہ کا مؤقف؟
فاطمہ کی اجانک واپسی پر سوشل میٖڈیا پر خبریں گردش کرنا شروع ہوگئیں اور طرح طرح کی قیاس آرائیاں کی جانے لگیں۔
وی نیوز نے جب اس بارے میں بھارتی خاتون فاطمہ کے پاکستانی شوہر نصراللہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ’ہم 3 روز قبل لاہور آئے تھے اور میں نے انجو کو لاہور سے واہگہ بارڈر تک چھوڑ کر الوداع کہا اور انہوں نے دوپہر ٹھیک 2 بجے بارڈر کراس کیا‘۔
انہوں نے بتایا کہ فاطمہ جب سے پاکستان آئی تھیں انہوں نے روز اول سے کہنا شروع کردیا تھا کہ انہیں اپنے بچوں کی بہت یاد ستارہی ہے۔
انجو اور نصراللہ کی دوستی کب ہوئی، اچانک واپس کیوں جانا پڑا؟
نصراللہ نےکہا کہ انجو سے ان کی فیس بک پر دوستی سنہ 2019 میں ہوئی تھی جو رفتہ رفتہ محبت میں تبدیل ہوگئی اور پھر دونوں کی مشاورت سے وہ بھارت سے لاہور اور پھر وہاں سے اسی روز راولپنڈی پہنچیں جہاں سے وہ انہیں لے کر دیر آگئے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ انجو کا ویزہ ختم ہوچکا تھا اور منت سماجت کے باوجود ویزے میں مزید توسیع نہیں ہو رہی تھی اس لیے انہیں بھارت واپس جانا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت روانگی سے قبل لاہور میں مختلف دوستوں نے الوداعی دعوتیں کیں اور ان دونوں کو بادشاہی مسجد، شاہی قلعہ اور مینار پاکستان سمیت دیگر اہم تاریخی و تفریحی مقامات کی سیر بھی کرائی۔
نصراللہ نے کہا کہ انجو کی روانگی کے موقع پر ان کے ساتھ بارڈر پر لوگوں نے تصاویر بھی بنوائیں اور انہیں رخصت کیا۔
کیا انجو پاکستان دوبارہ آئیں گی؟
ایک سوال کے جواب میں نصراللہ نے کہا کہ انجو 3 ماہ بعد پاکستان دوبارہ آئیں گی تاہم یہ کہتے ہوئے ان کے لہجے سے بے یقینی اور افسردگی عیاں تھی۔ انہوں نے کہا کہ کوششوں کے باوجود وزارت داخلہ نے انجو کے ویزے میں ایک سال کی توسیع نہیں کی لیکن اگر ایسا ہوجاتا تو بہت بہتر ہوتا۔
نصراللہ اور کے قریبی خاندانی ذرائع نے بھی بتایا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ ویزے میں توسیع کے بعد وہ دبئی چلے جائیں تاکہ انجو اپنے بچوں کو وہاں بلوالے اور باقی زندگی وہیں گزار سکیں لیکن ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
کیا انجو واقعی پاکستان واپس آسکیں گی؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جس کا جواب آنے والا وقت ہی بتائے گا۔
بھارت واپس روانگی کے موقع پر انجو نے کہا تھا کہ ’آج میرا پاکستان میں آخری دن ہے، یہاں آکر مجھے بہت محبت ملی، یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز اور محبت کرنے والے ہیں‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دیر اور پاکستان کے لوگوں نے انہیں بہت سپورٹ کیا، پیار دیا اور کسی چیز کی کمی نہیں ہونی دی جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گی۔
اس موقع پر نصراللہ خاصے افسردہ دکھائی دے رہے تھے اور انہوں نے اپنی اہلیہ کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ رخصت کیا۔
नसरुल्ला से शादी करके चर्चा में आई अंजू उर्फ फातिमा जुलाई में पाकिस्तान गई थी और अब नवंबर में लौट आई हैं. सुनिए भारत लौटते ही अंजू ने क्या कहा?#Amritsar #AnjuNasrullah #Pakistan #ReporterDiary | (@Ramkinkarsingh) pic.twitter.com/3sBYtHZJ77
— AajTak (@aajtak) November 30, 2023