190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل: عمران خان، اہلیہ و دیگر کیخلاف ریفرنس دائر

جمعہ 1 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی احتساب بیورو (نیب) نے 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل میں چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر ریفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ بشریٰ بی بی، فرح شہزادی، شہزاد اکبر اور دیگر شامل ہیں۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں کل 8 ملزمان کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم کے ہمراہ ریفرنس دائر کیا۔ احتساب عدالت رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔

190 ملین پاؤنڈ کیس کیا ہے؟

یاد رہے کہ مئی 2023 میں قومی احتساب بیورو نے عمران خان کے خلاف دائر القادر ٹرسٹ کیس کا ٹائٹل تبدل کر کے اسے نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ اسیکنڈل کا نام دے دیا ہے۔

یہ سب 5 سال پہلے اس وقت شروع ہوا جب برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے خاندان کے ساتھ 19 کروڑ پاؤنڈز مالیت کے تصفیے پر اتفاق کیا۔

این سی اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق تصفیے میں برطانیہ کی ایک جائیداد، 1 ہائیڈ پارک پلیس، لندن، شامل تھی جس کی مالیت تقریباً 5 کروڑ پاؤنڈ تھی اور تمام رقم ملک ریاض کے منجمد اکاؤنٹس میں آگئیں۔

اسی سال جب یہ پتا چلا تھا کہ ملک ریاض نے کراچی کے مضافات میں ضلع ملیر میں ہزاروں ایکڑ اراضی غیر قانونی طور پر حاصل کی تو سپریم کورٹ آف پاکستان نے اس کے عوض ملک ریاض کی رئیل اسٹیٹ کمپنی، بحریہ ٹاؤن لمیٹڈ کی جانب سے 460 ارب روپے کے سیٹلمنٹ واجبات کی پیشکش قبول کر لی تھی۔

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق عمران خان کی اہلیہ ٹرسٹ کے ٹرسٹیز میں سے ایک ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp