نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا پہلا پارلیمانی بورڈ اجلاس جاری

ہفتہ 2 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا پہلا اجلاس لاہور میں پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں جاری ہے۔ پارٹی قائد محمد نواز شریف اور صدر شہباز شریف اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔

پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں مریم نواز، اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، ایاز صادق، میاں جاوید لطیف سمیت دیگر رہنما شریک ہیں۔

اجلاس کے آغاز میں سینئیر پارلیمینٹیرین بیگم نجمہ حمید اور مشاہد اللہ خان کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس نے بیگم نجمہ حمید کی آج پہلی برسی پر ان کی ملک و قوم اور پارٹی کے لیے خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ کہا گیا کہ بیگم نجمہ حمید مسلم لیگ (ن) کی پہچان تھیں، بیگم کلثوم نواز کی جدوجہد کے دوران ان کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

اجلاس میں مشاہداللہ خان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا، کہا گیا کہ مشاہداللہ خان پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے، مشاہداللہ خان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی، مشاہداللہ خان نے سخت ترین حالات کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ وہ نہایت وفادار، پارٹی کے نظریہ پر کاربند اور مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے نیک دل اور نیک نیت راہنما تھے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں سرگودھا ڈویژن سے آئندہ عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے والے پارٹی امیدواروں کے انٹرویو کیے جائیں گے۔ حتمی امیدواروں کو آج ہی پارٹی ٹکٹیں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp