صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے صوبہ سندھ کے نگراں وزیر کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔ حکومت سندھ کی جانب سے انہیں محکمہ جات سونپے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
ہفتہ کے روز گورنر صوبہ سندھ کامران ٹیسوری نے احمد شاہ سے نگراں وزیر کے عہدے کاحلف لیا۔ تقریب میں نگراں وزیر اعلیٰ مقبول باقر، کابینہ ارکان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
سندھ کی نگراں حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق احمد شاہ کو محکمہ انفارمیشن، محکمہ اقلیتی امور اور محکمہ سوشل پروٹیکشن کے قلمدان سونپے گئے ہیں۔
حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ صوبہ سندھ نے رولز آف بزنس حکومت سندھ 1986 کی شق نمبر 7(i) کے تحت اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے احمد شاہ کو محکمہ انفارمیشن، اقلیتی اموراور سوشل پروٹیکشن سونپے جانے کی منظوری دی جاتی ہے۔