سپریم جوڈیشل کونسل: جسٹس مظاہر نقوی نے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروا دیا

پیر 4 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروا دیا ہے۔

جوڈیشل کونسل میں جمع کروائے گئے جواب میں جسٹس مظاہر اکبر نقوی نے مؤقف اپنایا کہ انہوں نے 2 آئینی درخواستیں سپریم کورٹ میں دائر کر رکھی ہیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ ان کی دونوں آئینی درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

انہوں نے جاری کردہ شوکاز نوٹس واپس لینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی درخواستوں پر تاحال نمبر نہیں لگایا گیا لہٰذا ان کی آئینی درخواستیں 3 رکنی کمیٹی کے سامنے رکھی جائیں۔

جسٹس مظاہر نقوی نے جواب کی کاپی سپریم کورٹ کی 3 رکنی کمیٹی کو بھی بھجوا دی ہے۔

واضح رہے کہ ‏جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف 10 شکایات جوڈیشل کونسل میں زیر غور ہیں۔ ‏شکایات میں جسٹس مظاہر نقوی پر مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد ہیں۔ ‏جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

گزشتہ ماہ جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی نے اپنے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

اپنے وکیل خواجہ حارث کے توسط سے دائر آئینی درخواست میں جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی نے اپنے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے دوران جاری دونوں شوکاز نوٹسز کو بھی عدالت عظمٰی میں چیلنج کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp