پشاور: اطالوی سیاح فلیٹ میں مردہ پایا گیا، معاملہ خودکشی کا لگتا ہے، پولیس

پیر 4 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور میں ایک اطالوی سیاح کرائے کے فلیٹ میں مردہ حالت میں پایا گیا جس کے بارے میں فی الوقت پولیس کا خیال ہے کہ یہ خودکشی کا معاملہ ہے تاہم واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی ریگی جاوید اختر نے غیر ملکی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ  تھانہ ناصر باغ کی حدود ارباب ریزیڈنشیا فلیٹس مراد آباد میں پیش آیا۔

افسر کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی اور لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس ٹیم نے جائے وقوع کو سیل کرکے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔

جاوید ریگی نے کہا کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور ابتدائی طور پر لگ رہا ہے کہ سیاح نے خودکشی کی ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد حتمی صورتحال سامنے آجائے گی۔

پولیس نے بتایا کہ مقتول کا تعلق اٹلی سے تھا اور اس کی ہلاکت  سے متعلق وزات خارجہ کو آگاہ کر دیا گیا۔

غیر ملکی شہری کی شناخت جوشوا موائسز ورگاس کے نام سے ہوئی جسے 9 اکتوبر کو سیاحتی ویزا جاری ہواتھا اور وہ 18 اکتوبر کوباچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سعودی ایئر لائن کی پرواز 796 پہنچا تھا اور عارضی طور پر ایک فلیٹ واقع ارباب ریزیڈنشیا میں رہائش پذیر تھا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ مقتول نے فلیٹ کی بکنگ آن لائن ایپ کے ذریعے پاکستان آمد سے پہلے کی تھی اور یہاں پہنچنے کے بعد سے وہیں مقیم تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp