کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) سمیت دیگر بجلی کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو ایوریج بل بھیجنے اور 30 روز سے زیادہ بلنگ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے بنائی گئی انکوائری کمیٹی نے اپنی تحقیقات مکمل کر لی ہیں جس میں اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد نیپرا نے اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق بجلی کمپنیوں نے صارفین کو ایوریج بل بھیجے اور 30 روز سے زیادہ بلنگ کی۔
مزید پڑھیں
اعلامیے کے مطابق نیپرا کے الیکٹرک سمیت دیگر ذمہ دار بجلی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بجلی کمپنیوں کے اس اقدام سے لاکھوں صارفین متاثر ہوئے۔ ’جن صارفین کے میٹر خراب تھے انہیں تبدیل نہ کرنے پر بجلی کمپنیوں نے ایوریج بل بھیجے‘ ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجلی کمپنیوں نے جان بوجھ کر بددیانتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اور اس اقدام سے نپیرا کو بلات کی مد میں وصولی کم رہی۔
نیپرا نے بتایا ہے کہ اس انکشاف کے بعد بجلی کمپنیوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے وضاحت مانگی گئی ہے اور یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ جن صارفین کے میٹر خراب ہیں ان کو 30 روز میں تبدیل کیا جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر کمپنیوں نے خراب میٹرز کو بروقت تبدیل نہ کیا اور غلط بلوں کو درست نہ کیا تو کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں بجلی کے زیادہ بلوں کے معاملے پر عوام نے ملک گیر احتجاج کیا تھا جس کی وجہ سے حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔