پاکستانی ویمنز نے تاریخ رقم کردی، پہلی بار کیوی ویمنز سے سیریز جیت لی

منگل 5 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ویمنز ٹیم نے دوسرے ٹی20 میں نیوزی لینڈ ویمنز کو شکست دے کر فیصلہ کُن برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان ویمنز ٹیم نے ڈونیڈن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں بھی میزبان نیوزی لینڈ کو رنز10سے ہرایا جس کے بعد پاکستانی ویمینز نے تاریخ میں پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کو سیریز میں شکست دی ہے، اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے 10 میچز میں سے 09 میچز نیوزی لینڈ ویمنزنے جیت رکھے تھے۔

نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن میں کھیلے گئے ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے جس کے جواب میں کیوی ویمنز مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 127 رنز بنا سکی۔

پاکستانی ویمنز کی طرف سے منیبہ علی 35، عالیہ ریاض 32 جبکہ بسما معروف 21 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ نیوزی لینڈ ویمنز کی جانب سے فرین جونس اور مولی پین فولڈ نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ ویمنز کی جانب سے ہنا رووی نے سب سے زیادہ 33 رنز اسکور کیے۔ پاکستانی ویمنز کی جانب سے فاطمہ ثنا نے 3 جبکہ سعدیہ اقبال نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
عالیہ ریاض کو پلیئر آف دا میچ کا اعزاز دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے مابین ٹی20 سیریز کا تیسرا میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ویمنز کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کُن برتری حاصل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp