نگراں وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایت پر جان بچانے والی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، ڈریپ نے اینستھزیا انجکشن اور اینٹی کینسر ادویات کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق نگراں وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے ادویات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر رجسٹریشن کے احکامات جاری کیے تھے، جس پر ڈریپ نے ترجیحی بنیادوں پررجسٹریشن کی منظوری دی ہے۔
وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کے مطابق رجسٹریشن سے مارکیٹ میں شوگر، مرگی اور اینٹی کینسر ادویات کی فراہمی میں مدد ملے گی، ڈریپ نے اینستھیزیا انجکشن اور اینٹی کینسر ادویات کی رجسٹریشن کی منظوری دے دی ہے۔
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ ڈریپ نے درآمد اور مقامی مینوفیکچرنگ کے لیے اینٹی کینسر ادویات کی بھی منظوری دے دی ہے، رجسٹریشن بورڈ نے انفلوئنزا ویکسینز، ہیپارن اور اینوکسیپارن انجیکشنز کی رجسٹریشن کی منظوری دی ہے اور نئی اینٹی ذیابیطس دوا سیماگلوٹائڈ انجکشن بھی رجسٹرڈ کر لی ہے۔
نگران وزیر صحت نے کہا ہے جان بچانے والی ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں، مقامی طور پر ادویات کی تیاری کے لیے فارما پارک بنارہے ہیں اور فارما انڈسٹری کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات جاری ہیں۔