لشکری جھنگوی کی چلاس ہڈور واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنے میں صداقت نہیں، وزیر داخلہ گلگت بلتستان

منگل 5 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کے وزیر داخلہ شمس الحق لون نے کہا ہے کہ ہڈور میں بس پر فائرنگ کے واقعہ میں اب تک مبینہ طور پر ملوث 17 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جن میں سے 5 افراد کو بے گناہ قرار دے کر رہا کردیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ شمس الحق لون نے گلگت بلتستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے نام سے ایک جعلی آئی ڈی بنا کر ذمہ داری قبول کی گئی ہے تاہم اس میں میں کوئی صداقت نہیں ہے، یہ عوام کو بھٹکانے اور گمراہ کرکے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دہشتگردی کا یہ پہلا واقعہ نہیں، گلگت شہر میں دہشتگردی کے واقعات میں اب تک 800 افراد کی جانیں ضائع ہوئی ہیں، اس سے قبل ایک مخصوص مسلک کے لوگوں کو شاہراہ قراقرم پر چن چن کر مارا گیا، یہ سارے دہشتگردی کے واقعات تھے جن کی وہ بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں

انہوں نے لشکر جھنگوی کی جانب سے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنے کے معاملے کو حقیقت کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے خصوصی حکم پر ضلع دیامر کو اسلحہ سے پاک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے تحت دیامر میں کھلے عام اسلحہ لیکر چلنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اسلحہ بھی ضبط کرلیا جائے گا۔

’بھارتی ایجنسی کا واقعہ میں ملوث ہونا خارج از امکان نہیں‘

شمس الحق نے کہا کہ چلاس ہڈور میں بس پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعہ میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا کیونکہ دیامر کے لوگوں نے دیامر بھاشا ڈیم کی شکل میں ملک کے لیے بہت بڑی قربانی دی ہے جسے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

اس موقع پر اپوزیشن رکن راجہ زکریا نے کہا کہ اس واقعہ میں بھارتی خفیہ ایجنسی کا ہاتھ نہیں ہے تو امریکا کا ہاتھ ضرور ہے لہٰذا فوری طور پر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے اور شاہراہ قراقرم کی سیکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج کو سونپ دی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے گلگت بلتستان کے دیامر ڈویژن میں چلاس سے متصل علاقے ہڈور پڑی کے سامنے شاہراہِ قراقرم پر نامعلوم افراد نے مسافر بس پر فائرنگ کر دی تھی، جس کے باعث 8 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا شکار مسافر K2 بس 4647- BLN ضلع غذر سے مسافروں کو لے کر راولپنڈی جارہی تھی کہ ہڈور کے قریب نامعلوم افراد نے فائر کھول دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp