آنے والے دنوں میں شبمن گل کی کرکٹ پر حکمرانی ہوگی میری بات لکھ لیں، برائن لارا

بدھ 6 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق ویسٹ انڈین کپتان برائن لارا نے بھارتی اوپننگ بیٹر شبمن گل کے حوالے سے بڑی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ شبمن گل نئی نسل کے سب سے با صلاحیت کھلاڑی ہیں، شبمن میرا 400 اور 501 ناٹ آؤٹ رنز کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے برائن لارا کا کہنا تھا شبمن گل میرے دونوں ریکارڈز توڑ سکتا ہے،  آنے والے سالوں میں شبمن گل کی حکمرانی ہو گی۔ اگر وہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلیں تو وہ میرا 501 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ سکتے ہیں۔

برائن لارا نے شبمن گل کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ ’ میری بات لکھ لیں اگرچہ ورلڈ کپ 2023 میں شبمن گل کوئی سینچری نہیں بنا سکے لیکن انہوں نے ایک روزہ میچز میں ڈبل سینچری اسکور کر رکھی ہے، انہوں نے آئی پی ایل میں بہت مرتبہ میچز جتوائے ہیں اور مستقبل میں وہ انڈیا کے لیے آئی سی سی کے بڑے ٹورنامنٹس جیتیں گے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شبمن گل شاندار انداز میں بیٹنگ کرتے ہیں، ان کے چارج کرنے کا انداز ناقابل یقین ہے۔

واضح رہے کہ شبمن گل بھارت کے تینوں فارمیٹ میں سنچریز بنانے والے کم عمر ترین کرکٹر ہیں، اس کے علاوہ شبمن ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے کم عمر ترین بیٹر ہیں۔

شبمن گل نے 44 ایک روزہ میچز میں 61.38 کی اوسط سے 2271 رنز بنا رکھے ہیں۔ ٹی20 میں 11 میچز میں 146.86 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 304 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ ٹیسٹ میچز میں ان کے 33 اننگز میں 32.20 کی اوسط سے 966 رنز ہیں۔

خیال رہے کہ سابق کپتان برائن لارا نے ٹیسٹ میں ریکارڈ 401 ناٹ آؤٹ رنز بنائے تھے ، انہوں نے  فرسٹ کلاس کرکٹ میں ریکارڈ 501 رنز ناٹ آؤٹ بھی بنائے تھے۔

بھارت کی ٹیم رواں ماہ جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی، دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹی20 میچ 10 دسمبر کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp