شین واٹسن کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ

بدھ 6 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آسٹریلیا کے سابق آل راؤنڈر شین واٹسن کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ پی ایس ایل کے 2024 ایڈیشن سے قبل فرنچائز کے ہیڈ کوچ مقرر ہوں گے۔

ای اسی پی این کرک انفو کے مطابق پی ایس ایل کے افتتاح کے بعد پہلی مرتبہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ کی تبدیلی دیکھنے میں آئے گی۔ گزشتہ 8 برسوں سے سابق وکٹ کیپر و بیٹسمین معین خان یہ خدمت انجام دے رہے تھے تاہم اب وہ بطور ٹیم ڈائریکٹر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

توقع ہے کہ شین واٹسن اور گلیڈی ایٹرز کے درمیان مذکورہ معاہدے کا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا۔ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل کے پہلے 4 ایڈیشنز کے دوران 3 مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کی اور سنہ 2019 میں ٹائٹل بھی جیتا تھا۔

گلیڈی ایٹر میں کامیابی میں شین واٹسن کا بڑا حصہ تھا۔ وہ سنہ 2019 میں  143.81 کے اسٹرائیک ریٹ سے 430 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے تھے اور انہوں نے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔ تاہم گلیڈی ایٹرز اس کے بعد سے مشکل کا شکار ہے۔

42 سالہ واٹسن نے سنہ 2020 میں کرکٹ کی تمام فارمز سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ انہوں نے سنہ 2022 میں آئی پی ایل فرنچائز دہلی کیپیٹلز میں بطور اسسٹنٹ کوچ شمولیت اختیار کی اور اپنے سابق آسٹریلوی ساتھی رکی پونٹنگ کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ سال رواں کے آغاز میں انہیں میجر لیگ کرکٹ فرنچائز سان فرانسسکو یونیکورنز کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

واٹسن نے آسٹریلیا کے لیے 59 ٹیسٹ کھیلے۔ 190 ون ڈے میں انہوں نے 90.44 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 5757 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ 31.79 کی اوسط سے 168 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ سنہ 2007 اور سنہ 2015 میں ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلیا کی ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے سنہ 2006 اور سنہ 2009 کے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچوں میں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ جیتا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی میں انہوں نے 145.32 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1462 رنز بنائے اور صرف 7.65 کے اکانومی ریٹ کو برقرار رکھتے ہوئے 48 وکٹیں لیں۔ وہ سری لنکا میں سنہ 2012 کےٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پلیئر آف دی سیریز تھے جہاں وہ 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے 249 رنز بنا کر سرفہرست رہے۔ وہ بولنگ کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp