اسکرین پر پاکستان کا نام نامناسب انداز سے دکھائے جانے پر کرکٹ آسٹریلیا کی معذرت

جمعرات 7 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان ٹیم اور آسٹریلین پرائم منسٹر پلیئنگ الیون کے درمیان 4 روزہ میچ گزشتہ روز کینبرا میں شروع ہوا۔ تاہم، میچ کے دوران ایک ایسا ناخوشگوار واقعہ ہوا کہ کرکٹ آسٹریلیا کو پاکستان سے معافی مانگنا پڑی۔

تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو نشریات کے دوران گرافک کارڈ پر پاکستان کے خلاف جارحانہ اور توہین آمیز لفظ نمودار ہوا۔ اسکرین پر اسکور کارڈ میں ہوم ٹیم کے لیے PMXI اور پاکستان کے نام کو اضافی ’I‘  کے ساتھ ‘PAKI’ کے طور پر دکھایا گیا۔ یہ اصطلاح عام طور پر پاکستانیوں اور حتیٰ کہ ہندوستانیوں کے لیے بھی انتہائی جارحانہ اور نامناسب سمجھی جاتی ہے جسے آکسفورڈ نے بھی تسلیم کیا ہے۔

آسٹریلوی کرکٹ صحافی دانی سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا کو ڈسپلے کو ’PAK‘ میں تبدیل کرنے کا اشارہ کیا، جس پر کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا، گرافک ڈیٹا فراہم کرنے والے کی طرف سے ایک خودکار فیڈ تھا جو پہلے کسی پاکستانی میچ کے لیے استعمال نہیں کیا گیا تھا، یہ واضح طور پر افسوسناک تھا اور ہم نے غلطی کی نشاندہی ہوتے ہی اسے درست کر دیا ہے‘۔

شان مسعود کی سینچری

کپتان شان مسعود کی ناقابل شکست سینچری کی بدولت پاکستان نے آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کےخلاف کینبرا میں کھیلے جارہے 4 روزہ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے۔ پاکستان ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور کپتان شان مسعود 156 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ پر 96 قیمتی رنز بنائے۔

بدھ کو کینبرا کے مانوکا اوول گراؤنڈ میں پاکستان اور آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کے درمیان یہ میچ شروع ہوا تو پاکستانی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp