لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے 9 مئی سے متعلق مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ شیخ رشید کیخلاف پنجاب بھر میں 10 مقدمات درج ہیں۔
شیخ رشید کی جانب سے دائر درخواست پرسماعت لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کی۔ پنجاب کی صوبائی حکومت کی جانب سے جمع کردہ رپورٹ کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کے خلاف صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 10 مقدامت درج ہیں۔۔
پنجاب حکومت کی جانب سے شیخ رشید سے متعلق درج 10 مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔ شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے کہا کہ مقدمات کی جو رپورٹ پیش کی گئی ہے عدالت اس کی پڑتال کرے، شیخ رشید کو 6 ماہ بعد 9 مئی کے مقدمات میں کیسے نامزد کیا گیا۔
جس پرجسٹس چودھری عبدالعزیز نے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں عدالت مقدمات کی تفتیش بھی کرے۔۔عدالت کے پاس شیخ رشید کے 10 مقدمات کی تفصیل آگئی ہے جس کی کاپی آپکو فراہم کردی گئی ہے عدالت مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی، عدالت نے مزید سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگست 2023 میں پنجاب حکومت نے کے مطابق ان کے خلاف کوئی کیس نہیں تھا لیکن آج عدالت میں صوبائی حکومت نے 10 مقدمات کی تفصیل جمع کرادی ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے چلے کے بعد سے کوئی ٹوئیٹ بھی پوسٹ نہیں کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اداروں کا احترام سب پر لازم ہے، الیکشن نہیں ہوئے تو پرانی تنخواہ پر ہی کام کریں گے۔