وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی ہدایت پر چلاس ہڈور سانحے کی زخمی بہادر ماں روشن بی بی کو علاج معالجے کے لیے اسپیشل آرمی ہیلی کاپٹر M-17 کے ذریعے اسلام آباد روانہ کر دیا گیا ہے۔
چلاس ہڈور میں مسافر بس حملے میں زخمی ہونے والی بی بی روشن، جو ضلع غذر کی وادی اشکومن سے تعلق رکھتی ہیں، کو کراچی میں فوری طبی امداد کے لیے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
واضح رہے کہ روشن بی بی نے بس پر اندھا دھند فائرنگ کے دوران اپنے بچوں اور شوہر کو بچا کر خود دہشتگردوں کے ہاتھوں گولیاں کھائی تھیں اور ان کے جسم میں 6 گولیاں لگی ہیں جس کے باعث وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہیں تاہم ان کا علاج معالجہ چل رہا ہے جس پر وی نیوز نے خصوصی رپورٹ بھی بنائی ہے۔
بی بی روشن کے شوہر بلبل نے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور میڈیا کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ ان کی جانب سے آواز اٹھانے کے باعث ہیلی سروس کی فراہمی یقینی ہوئی ہے۔ بی بی روشن نے اس بہادری پر مقامی کمیونٹی اور سوشل میڈیا پر دنیا بھر سے بڑے پیمانے پر تعریف حاصل کی ہے۔
ریجنل ہیڈکوارٹر اسپتال، جہاں بی بی روشن کا ابتدائی علاج چل رہا تھا، کے ڈاکٹروں کے مطابق روشن بی بی کا کراچی کے آغا خان اسپتال میں ایک نازک آپریشن کیا جائے گا جس سے ان کی ریڑھ کی ہڈی میں لگی گولیاں نکالی جائیں گی۔