دوسروں کو چور کہنے والا 190 ملین پاؤنڈ کا جواب دے، مریم اورنگزیب

ہفتہ 9 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دوسروں کو چور کہنے والا 190 ملین پاؤنڈ کا جواب دے۔ سائفر جیسے حساس معاملے پر کہا گیا اس پر کھیلنا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے یہ پیغام دیا تھا کہ اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو آپ نے تیار رہنا ہے۔ آج پی ٹی آئی کو مہنگائی کا سامنا نہیں بلکہ عوام کو ہے۔ عوام 8 فروری کو نوازشریف کے حق میں فیصلہ کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نوازشریف کے کارکن ہیں ہم نے کبھی قانون ہاتھ میں نہیں لیا۔ بانی پی ٹی آئی نے ہمارے اوپر دہشتگردی کے مقدمات بنائے۔ دوسروں کو دہشتگرد کہنے والا خود 9 مئی کا ملزم ہے۔ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر حکومت سے نکالا گیا۔ دوسروں کو چور کہنے والا خود چور نکلا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ہے، بانی پی ٹی آئی نے سائفر جیسے حساس معاملے پر سیاست کی، عوام کے اوپر خرچ ہونے والے پیسے بزنس ٹائیکون کو دیے گئے، کہتا ہے نواز شریف نے لندن میں 9 مئی کاپلان بنایا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کے مقدموں کو بغض قرار دیا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ معیشت کی بہتری کے لیے کام کیا۔ 8 فروری کو انتخابات ہونے ہیں اس میں کوئی شک نہیں۔ دوسروں کو دہشت گرد کہنے والا خود 9 مئی کا مجرم ہے۔ شہداء کے مجسمے سڑکوں پر پھینکے گئے، اسپتال، اسکول اور مساجد جلائی گئیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مجھ پر بانی پی ٹی آئی نے دہشت گردی کا مقدمہ بنایا، خود یہ خزانے پر 60 ارب روپے کا ڈاکا ڈال کر چلا گیا، انہوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، دوست ممالک کو ناراض کیا، قومی خزانے پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ڈالا۔ نوازشریف 3 بار وزیر اعظم رہے ان پر کرپشن کا الزام تک نہیں لگا سکے۔ نواز شریف کو اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر سزا سنائی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پر یہ دہشت گردی کے مقدمے بناتے رہے اور خود 9 مئی کو ریاست پر حملہ کیا۔ 190 ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں آنے تھے عدالت کے اکاؤنٹ میں نہیں۔ 60 ارب روپے کا ڈاکا ڈالا اور پوچھتے ہیں کہ بجلی کیسے مہنگی ہوئی؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کیا نواز شریف پی ٹی آئی کے قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دیتے تھے؟ غیرقانونی طریقہ سے آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ کرکے پیسہ بانی پی ٹی آئی کی جیب میں گیا، سائفر جیسے حساس معاملے پر سیاست کروں گا اور حساب نہیں مانگا جائے گا ایسےکیسے ہو گا؟ لندن پلان تو تب بنا تھا جب 3 دفعہ کے وزیراعظم کو گھر بھیجنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سیٹلمنٹ سے القادر ٹرسٹ کی زمین خریدی گئی، بانی پی ٹی آئی ریاستی دہشت گردی کے احکامات جاری کررہا تھا۔ 8 فروری کو عوام ووٹ دے کر نواز شریف کو چوتھی بار وزیراعظم بنائیں گے۔ ملک ترقی کرے گا، سی پیک بحال ہوگا اور نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp