نواز شریف کو 7 سال بعد انصاف مل رہا ہے وہ بھی رینگ رینگ کر، مریم نواز

ہفتہ 9 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رہنما مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ نواز شریف لاڈلہ ہے ان کو شرم آنی چاہیے، ان کو یہ دکھائی نہیں دے رہا کہ نواز شریف کو 7 سال بعد انصاف مل رہا ہے لیکن کس قدر رینگ رینگ کر مل رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے جلال پور جٹاں میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر عوام نے شاندار استقبال کیا، کامیاب جلسہ کے انعقاد پر مقامی قیادت داد و تحسین کی مستحق ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جو لوگ کہہ رہے تھے کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہو چکی ہے، وہ اب کبھی واپس نہیں آئیں گے، لیکن سب نے دیکھا کہ کس طرح اللہ نے نواز شریف کو عزت دی۔ 21 اکتوبر کو پورا پاکستان نواز شریف کے استقبال کے لیے امڈ آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج کل لیول پلیئنگ فیلڈ کی باتیں بہت سننے میں آرہی ہیں، شاید انکو یہ علم نہیں ہے کہ پاکستان کی کون سی ایسی جیل ہے جس میں نواز شریف نہیں رہے، نواز شریف نے 11 سال جلاوطنی کاٹی اور آج بھی عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں، ماں اور بیوی کے جنازے پر نہیں آسکے۔ اگر کسی کو چاہیے یہ لیول پلیئنگ فیلڈ تو لے لے۔

’ملک کے نظام میں ناانصافی کرنا آسان اور انصاف کرنا مشکل ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف پانامہ کے نام پر جھوٹ گھڑا گیا، نواز شریف نے اربوں کھربوں کے منصوبے لگائے لیکن آج تک کوئی کرپشن کا الزام نہیں لگا، اور جو شخص آج جیل میں وہ نواز شریف کو چور کہتا تھا، اس کے پاس ثبوت کوئی نہیں تھا اسی لیے عدالت نہیں گیا۔

’نواز شریف کو چور کہنے والے پر آج پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری کا الزام ہے۔‘

’نواز شریف کتنی بار اقتدار میں رہا کوئی چوری ثابت نہیں ہوئی، لیکن وہ ایک بار اقتدار میں آیا اور 190 ملین پاؤنڈ کی چوری نکل آئی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس شخص نے جو کالی پٹی عوام کی آنکھوں پر باندھی وہی اپنی کابینہ کی آنکھوں پر بھی باندھی، جب چور سے حساب مانگا تو ٹانگوں پر پلاسٹر چڑھا دیا، اور سر پر کالا ڈبہ چڑھا دیا۔ جواب دینے کے بجائے 9 مئی کو حملے کروا دیے۔

’برطانیہ سے آئے 190 ملین پاؤنڈ سیدھے ان کے اور ان کی اہلیہ کی جیب میں گئے۔‘

مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 60 ارب کی چوری کرنے والا اب جیل میں ایکسرسائز مشینوں کا مطالبہ کر رہا ہے، کہتا ہے مجھے دیس مرغی چاہیے، میں کہنا چاہتی ہوں کہ وہ شخص انتقام نہیں بلکہ اپنے اعمال کی سزا کاٹ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 22 سال میں نواز شریف کو صرف ایک الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی اس میں عوام نے نواز شریف کو جتوا دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp