شرمیلا فاروقی سندھ سے تعلق رکھنے والی ایک معروف سیاست دان ہیں اور وہ ایک سماجی شخصیت بھی ہیں۔ شرمیلا دیگر سیاست دانوں کے برعکس سماجی طور پر سرگرم بھی رہتی ہیں اور ہم انہیں بہت سی تقریبات میں دیکھتے ہیں، چاہے وہ حکومت میں ہوں یا نہ ہوں۔
شرمیلا فاروقی سوشل میڈیا پر بھی کافی سرگرم رہتی ہیں اور تفریح کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بھی بہت سی باتوں کا جواب بھی دیتی ہیں۔
شرمیلا فاروقی کا کچھ عرصہ قبل میزبان اور اداکارہ نادیہ خان سے جھگڑا ہوا اور یہ سب اس وقت شروع ہوا جب نادیہ خان نے صبور علی کی شادی کے دوران کا ایک ’وی لاگ‘ بنایا اور انہوں نے شرمیلا فاروقی کی والدہ کے حوالے سے کچھ نامناسب مزاحیہ تبصرے کیے جو وہاں مہمان بھی تھیں۔ شرمیلا کی والدہ ماضی میں صحت کے مسائل سے گزرچکی ہیں اور اس کی وجہ سے ان کا وزن بہت کم ہو گیا ہے۔
شرمیلا فاروقی نے بعد میں نادیہ خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور ان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے پاس بھی شکایت کرنے پہنچ گئیں تھیں۔
شرمیلا فاروقی ایک پوڈ کاسٹ میں مہمان تھیں جہاں انہوں نے اس ساری کہانی کو عوام کے ساتھ باٹنے کی کوشش کی۔ شرمیلا فاروقی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اصل میں نادیہ خان کو ویڈیو ہٹانے کے لیے پہلے میسج کیا، جس پر نادیہ خان نے ویڈیو ہٹانے سے انکار کر دیا تھا۔
شرمیلا فاروقی نے کہا کہ انہوں نے نادیہ خان سے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے بھی ویڈیو ہٹانے کے لیے کہا لیکن نادیہ بغیر کسی وجہ کے بضد تھیں۔
شرمیلا فاروقی نے کہا کہ وہ صرف یہ چاہتی تھیں کہ نادیہ خان ویڈیو ہٹا دیں کیونکہ یہ میری والدہ کے لیے ایک افسوسناک وقت تھا جن کے شوہر اسی دوران انتقال کر گئے تھے، اس کے علاوہ ان کی صحت بھی خراب تھی۔
خیال رہے کہ اداکارہ صبور علی کی شادی کی تقریب میں نادیہ خان اور شرمیلا فاروقی کی والدہ (انیسہ فاروقی) کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں نادیہ خان شرمیلا فاروقی کی والدہ سے ان کے میک اپ کے بارے میں سوالات کر رہی ہیں جس کو پی پی رہنما سمیت سوشل میڈیا صارفین نے بھی طنزیہ محسوس کیا اور نامناسب قرار دیا، ویڈیو پر ردِ عمل دیتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کو بے شرم خاتون کہا اور ان کے خلاف سائبر کرائم میں شکایت درج کرانے کا بھی اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا صارفین بھی اداکارہ نادیہ خان کے اس روّیے کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، صارفین کا کہنا ہے کہ شرمیلا فاروقی ٹھیک کہہ رہی ہیں نادیہ خان کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔