پاور چائنا نے مانسہرہ 765 کے وی سب اسٹیشن کی تعمیر کا آغاز کر دیا

ہفتہ 9 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاور چائنا نے مانسہرہ 765 کے وی سب اسٹیشن کی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے، جو داسو ہائیڈرو پاور اسٹیشن اور اسلام آباد پاور گرڈ کے درمیان بجلی کی ترسیل کا کام کرے گا۔

پاور چائنا کی جانب سے تعمیر کردہ پاکستان کے پہلے 765 کلو واٹ کے سب اسٹیشن انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اینڈ کنسٹرکشن (ای پی سی) پراجیکٹ مانسہرہ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب پراجیکٹ سائٹ پر منعقد ہوئی۔

سب اسٹیشن مانسہرہ شہر میں واقع ہے اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (ڈی ایچ پی پی) اور وفاقی دارالحکومت کے درمیان بجلی کی ترسیل کی سہولت فراہم کرے گا۔ یہ وولٹیج گرڈ اس وقت پاکستان میں سب سے زیادہ گنجائش والے سب اسٹیشن کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس کی تکمیل کے ساتھ صاف توانائی کی ترسیل کے ذریعے اس کا سب اسٹیشن مقامی بجلی کی کمی کو دور کرنے اور پاکستان میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں مدد کرے گا۔

جنوری 2023 میں پاور چائنا الیکٹرک پاور کنسٹرکشن کارپوریشن اور پاکستان کی نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے 765 کلو واٹ مانسہرہ سب اسٹیشن کے لیے ای پی سی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

یہ منصوبہ داسو ہائیڈرو پاور اسٹیشن اور مانسہرہ سب اسٹیشن کے درمیان 157 کلومیٹر طویل 765 کے وی ڈبل سرکٹ اے سی ٹرانسمیشن لائن بنائے گا۔ ڈی ایچ پی پی دریائے سندھ پر ایک رن آف ریور پراجیکٹ ہے جو ضلع کوہستان میں داسو ٹاؤن سے 7 کلومیٹر بالائی جانب واقع ہے۔

یہ سائٹ مجوزہ دیامر بھاشا ڈیم سائٹ سے 74 کلومیٹر نیچے اور اسلام آباد سے 350 کلومیٹر دور ہے۔ اس کی تکمیل پر ڈی ایچ پی پی کے پاس 12 پیداواری یونٹس کے ساتھ 4320 میگاواٹ کی کل نصب صلاحیت ہوگی۔

یہ حکومت پاکستان کی نیشنل پاور پالیسی 2013 اور ویژن 2025 کے تحت ترجیحی منصوبوں میں شامل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp