بگ بیش لیگ کا میچ منسوخ، شائقین کو ٹکٹس کی قیمت واپس کرنے کا اعلان

اتوار 10 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹ آسٹریلیا کے زیر اہتمام مینز بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے 13 ویں ایڈیشن کا ابتدائی مرحلے کا میچ شدید بارش کے باعث پچ گیلی اور خطرناک ہونے کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے جب کہ منتظمین نے  ٹکٹوں کی قیمت بھی شائقین کو واپس کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر میچ دوبارہ شیڈول نہ ہو سکا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔

اتوار کو آسٹریلیا کے جی ایم ایچ بی اے اسٹیڈیم میں صرف 6.5 اوورز ہی ہو پائے تھے کہ رات بھر کی بارش سے پچ کے گیلا اور خطرناک ہونے کے باعث امپائرز نے میچ منسوخ کر دیا اور کھلاڑیوں کو میدان سے باہر جانے کے لیے کہا گیا۔

’بِگ بیش لیگ‘ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ایمپائرز سے مشاورت کے بعد میلبورن جی ایم ایچ بی اے اسٹیڈیم میں رینیگیڈز اور پرتھ اسکارچرز کے درمیان لیگ کا پہلا میچ خطرناک پچ کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔ میچ سے قبل گیلونگ میں رات بھر ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث پچ کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا تھا۔

پچ کے گیلا اور خطرناک ہونے کے باوجود ’بگ بیش لیگ ‘ کے منتظمین نے ایمپائرز سے مشاورت کے بعد میچ کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا جس میں رینیگیڈز نے ٹاس جیت لیا۔

رینیگیڈز کے کپتان میڈنسن نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ وکٹ مکمل طور پر گیلی ہے لہٰذا ہم صرف یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کیا ہونے جا رہا ہے۔

اسکورچرز نے 7 اوورز میں ہی ابتدائی 2 وکٹیں گنوا دیں کیونکہ ان کے بلے بازوں کو باؤنسر گیندوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گیند خطرناک حد تک اوچھل رہی تھی۔

ایمپائرز کو میچ اس وقت منسوخ کرنا پڑا جب سدر لینڈ کی گیند زور دار طریقے سے جوش انگلیس کی کمر چھو کر گزر گئی، جسے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک نے بڑی مشکل سے پکڑا اور اس کوشش میں وہ زمین پر بری طرح گر بھی گئے تھے۔

انگلس نے گیندوں کے سلسلے سے مایوسی کا اظہار کیا اور امپائر بین ٹریلور اور سائمن لائٹ باڈی کے سامنے احتجاج کیا جس پر ایمپائرز اور دیگر حکام پچ کی حالت پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے جمع ہو گئے اور مشاورت کے بعد میچ کو منسوخ کر دیا، ایمپائرز نے 6.5 اوورز کے بعد میچ ختم کر دیا۔

بعد ازاں کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میچ کے 45 منٹ جاری رہنے کے بعد رات 8 بجے منسوخ کر دیا گیا تھا اور دونوں ٹیموں کو میچ کا ایک ایک پوائنٹ دیا گیا ہے۔

میچ منسوخ ہونے کے بعد اسٹینڈنگ امپائر ٹریلور نے کرکٹ کو بتایا کہ ہم چاہتے تھے کہ میچ ہونا چاہیے اور اسی لیے ہم نے میچ کو شروع کروایا لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔’ ہمیں پہلے پچ ٹھیک لگی لیکن بعد میں جلد ہی اس بات کا احساس ہو گیا کہ بچ خطرناک ہو گئی ہے اور ہمیں کھلاڑیوں کی زندگی سب سے زیادہ عزیز ہے۔

ادھر کرکٹ آسٹریلیا نے تصدیق کی ہے کہ اتوار کی رات جی ایم ایچ بی اے اسٹیڈیم آنے والے 6601 شائقین کو ان کے ٹکٹوں کی قیمت واپس کردی جائے گی۔انہوں نے شائقین کرکٹ سے معذرت بھی کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp