اشتہاری مہم میں غزہ کے استحصال پر ‘ بائیکاٹ زارا‘ ٹرینڈ کرنے لگا

اتوار 10 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 غزہ میں تاحال اسرائیل کی قابض فوج کی جانب سے خون ریزی جاری ہے اور اسرائیل پر حملے روکنے کے لیے بین الاقوامی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ اس دوران ہسپانوی فیشن برانڈ زارا (zara) نے اپنی تازہ ترین تشہیری مہم سے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز کردیا ہے۔

’زارا‘ کی حال ہی میں جاری کی گئی اشتہاری مہم ’دی جیکٹ‘ نے سوشل میڈیا پر ایک نئے تنازع کو جنم دیا ہے۔ جس میں امریکی اداکارہ میک مینامی کو دیکھا جا سکتا ہے جس کے گرد کفن میں ملبوس پتلے پڑے دکھائی دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ’زارا برانڈ‘ کو اسرائیلی قبضے میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی منظر کشی کو تشہیری مہم کے لیے استعمال کرنے پر تنقید کا سامنا ہے اور ’بائیکاٹ زارا‘ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ٹرینڈ کرنے لگا ہے۔

انٹرنیٹ صارفین الزام لگا رہے ہیں کہ یہ اشتہار اسرائیلی قبضے میں فلسطینیوں کی تصاویر سے مماثلت رکھتا ہے۔ تاہم  زارا نے ابھی تک ان الزامات کی تردید یا تصدیق نہیں کی ۔

لیکن اس مہم کی سب سے متنازع تصویر جس میں امریکی اداکارہ میک مینامی نے سفید کفن میں پتلے کو کندھے پر اٹھا رکھا ہے۔ زارا برانڈ نے تمام سوشل اکاؤنٹ سے ہٹا دی ہے۔

سوشل میڈیا صارف نے متنازع تصویر ہٹانے پر لکھا کہ تصویر ڈیلیٹ کرنا ایک بڑی علامت ہے ’آپ جانتے تھے کہ آپ کیا کر رہے تھے!!
ہم گونگے بہرے نہیں ہیں‘۔

فلسطینی فنکار حازم حرب نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا کہ تجارتی دماغ کی یہ ایک خوفناک خرابی ہے جس نے یہ اشتہار تیار کیا ہے، جب کہ ہم اس وقت نسل کشی سے دوچار ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ یہ جان بوجھ کر نہ ہوا ہو۔ خاص طور پر جب ہم زارا کی صہیونیوں کی حمایت کے بارے میں جانتے ہیں۔ موت اور تباہی کو فیشن کے پس منظر کے طور پر استعمال کرنا ناگوار ہے، ’زارا‘ کا بائیکاٹ کریں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Hazem Harb (@hazemharb)

بہت سے دوسرے لوگوں نے اپنی مایوسی اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے غزہ کی صورتحال کے دوران اس مہم پر ’زارا برانڈ‘ کے بائیکاٹ کی اپیل کی۔

ایک اور ایکس صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اس سال کا سب سے زیادہ اندھا اور بہرہ ہونے کا ایوارڈ زارا کو جاتا ہے۔ یہ بھی کہا کہ زارا فیشن برانڈ لباس کو فروخت کرنے کے لیے اسرائیل کی فلسطینیوں کی نسل کشی کی تصویروں کا استعمال کرتے ہوئے!

شیرین خان نامی ایکس صارف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ان بدمعاشوں میں کوئی انسانیت باقی نہیں رہی۔

ایک اور سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ’زارا‘ کا بائیکاٹ کریں اگر آپ نے ابھی تک نہیں کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp