ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کی کارروائی براہ راست دکھائی جائے، بلاول بھٹو کی سپریم کورٹ سے درخواست

پیر 11 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے فیصلے کے خلاف صدارتی ریفرنس کی کارروائی براہ راست ٹیلی وژن پر دکھائے جانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

بلاول بھٹو کی جانب سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے یہ درخواست دائر کی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ صدارتی ریفرنس سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے دائر کیا گیا اور سپریم کورٹ میں کل بروز منگل ذوالفقار بھٹو کیس سماعت کے لیے مقرر ہے۔

گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے سنئیر رہنما فیصل کریم کُنڈی نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کی سماعت براہ راست نشر کی جائے۔ اپنے ایک ویڈیو بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا تھا، ’پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کو اس وقت کے ڈکٹیٹر نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت 4 اپریل 1979 کو پھانسی دلوائی تھی۔‘

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کی متنازعہ عدالتی حکم کے تحت دی گئی پھانسی کی سزا کو عدالتی  قتل قراردینے کے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کا 9 رکنی لارجر کل سماعت کرے گا۔ اس ریفرنس پر 11 سال بعد دوبارہ سماعت کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

اس کیس کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں بننے والے 9 رکنی بینچ میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصورعلی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن علی رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp