وزارت داخلہ میں دیوار شہدا کا قیام: دہشتگردی دوبارہ آنے کے ذمہ دار عمران خان ہیں، بلاول بھٹو

پیر 11 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حکومت کے دوران جو فیصلے کیے گئے ان کی وجہ سے پاکستان میں دوبارہ دہشتگردی آئی۔

وزارت داخلہ میں دہشتگردی کے دوران شہید ہونے والوں کی یاد میں دیوار شہدا کے قیام کے موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خود وزارت داخلہ کی شہدا گیلری میں شہید بینظیر بھٹو کی تصویر کو نصب کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مشترکہ نیوز کانفرنس بھی کی۔

بینظیر کے قاتلوں کو معاف کرنے کا اختیار بلاول بھٹو کے پاس ہے، سرفراز بگٹی

نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو دنیا کی عظیم لیڈر تھیں مگر دہشتگردوں نے ان کو ہم سے جدا کیا، ان کے قاتلوں کو معاف کرنے کا اختیار بلاول بھٹو کے پاس ہے ریاست کے پاس نہیں۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ عمران خان حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج ایک بار پھر پاکستان کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینا پڑ رہی ہیں۔ سابق وزیراعظم نے دہشتگردوں کو افغانستان سے واپس آنے کی دعوت دی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پارلیمان کی اجازت کے بغیر کیے گئے فیصلے کے سنگین نتائج برآمد ہوئے۔ آج فوج اور پولیس دہشتگردوں کے نشانے پر ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم سیاسی لوگ ہیں، حالات جیسے بھی ہوں انتخابی مہم جاری رکھیں گے۔

بھارتی سپریم کورٹ کے کشمیر سے متعلق فیصلے کو نہیں مانتے

بھارتی سپریم کورٹ کے کشمیر سے متعلق دیے گئے فیصلے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مانتے۔ عالمی برادری کو اس صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی پارلیمان یا عدلیہ بین اقوامی معاہدوں کو دوبارہ نہیں لکھ سکتے۔ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہاکہ ہم بھٹو ریفرنس کو سننے کے فیصلے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے شکر گزار ہیں۔ یہ کارروائی براہِ راست نشر ہونی چاہیے۔

بلاول بھٹو کا سیاسی سوالوں کے جوابات دینے سے گریز

بلاول بھٹو نے نیوز کانفرنس کے دوران سیاسی سوالوں کے جوابات دینے سے گریز کیا۔ ’میں سیاسی سوالوں کے جوابات دے کر بگٹی صاحب کے لیے مشکلات نہیں پیدا کرنا چاہتا‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp