امریکا کے خلائی تحقیقاتی ادارے ’ناسا‘ کے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے عملے کے ارکان نے تصدیق کی ہے کہ 8 ماہ قبل خلا میں گم ہونے والا ٹماٹر مل گیا ہے جس کے ساتھ ہی خلا باز فرینک روبیو بھی ان الزامات سے بری ہو گیا ہے کہ انہوں نے خلا میں کاشت کیے گئے ٹماٹروں میں سے ایک کو کھا لیا تھا۔
’ناسا‘ کی خلا بازجیسمین موگبیلی نے اسٹیشن کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پرلائیواسٹریم منعقد کی جانے والی ایک تقریب کے دوران کہا کہ ہمارے دوست روبیو کے ہاتھوں گم ہونے والے ٹماٹر کی باقیات 8 ماہ بعد مل گئی ہیں، اس لیے ہم اپنے دوست روبیو پر لگے اس الزام کو واپس لیتے ہیں کہ انہوں نے خلا میں اُگائے گئے ٹماٹروں میں سے ایک کو کھا لیا تھا۔
جیسمین موگبیلی نے خلا سے لائیو اسٹریم پر کہا کہ ’ ہمارے اچھے دوست فرینک روبیوجو خلا سے واپس زمین پر اپنے گھر جا چکے ہیں، کو ٹماٹر کھانے کے لیے کافی عرصے سے مورد الزام ٹھہرایا جاتا رہا ہے۔ لیکن اب ہم انہیں اس الزام سے بری کر سکتے ہیں کیوں کہ 8 ماہ کی تلاش کے بعد ہمیں ٹماٹر کی باقیات مل گئی ہیں۔
فرینک روبیو جو رواں سال ستمبر میں زمین پر واپس آ گئے تھے، کئی مہینوں سے ان الزامات کا سامنا کرتے آئے ہیں کہ انہوں نے خلا میں تجرباتی طور پر کاشت کیے جانے والے ٹماٹروں میں سے ایک کو کھا لیا تھا، حالاں کہ روبیو اس کی تردید کرتے رہے ہیں کہ انہوں نے یہ کام نہیں کیا۔
روبیو نے ستمبر میں ہی انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس ) کی لائیو اسٹریم کے دوران کہہ دیا تھا کہ’ میں نے ٹماٹر کی تلاش میں 25 گھنٹے گزارے ہیں لیکن وہ نہیں ملا اس لیے مجھے یقین ہے کہ ٹماٹر کسی نہ کسی وقت سامنے آئے گا اور مستقبل میں مجھ پر لگے الزام کا ازالہ ہو گا۔
خلابازوں نے یہ نہیں بتایا کہ ٹماٹر کہاں پایا گیا تھا یا اس کی حالت کیا تھی، لیکن فرینک روبیو پہلے ہی یہ پیش گوئی کر چکے تھے کہ خلائی اسٹیشن پر نمی کی وجہ سے یہ خراب حالت میں ہی ملے گا۔