سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے معمول کے مقدمات کی سماعت میں بینچ تبدیل کرنے کی درخواست کر دی۔
ذرائع کے مطابق جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے موقف اختیار کیا ہے کہ جسٹس جمال مندوخیل میری آئینی درخواستیں سننے والے بینچ میں شامل ہیں، ایسی صورتحال میں ایک ساتھ بینچ میں بیٹھنا مناسب نہیں۔
جسٹس مظاہر نقوی کی درخواستیں 15 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر ہیں اور جسٹس جمال مندوخیل درخواستیں سننے والے بینچ کا حصہ ہیں۔
اب معمول کے مقدمات سننے والے جسٹس مظاہر نقوی کی سربراہی میں قائم بینچ میں بھی جسٹس جمال مندوخیل شامل تھے جس کی بنیاد پر جسٹس مظاہر نقوی نے بینچ تبدیل کرنے کی درخواست کر دی۔
جسٹس مظاہر نقوی کی سربراہی میں بینچ نمبر 4 میں آج مقدمات کی سماعت نہ ہو سکی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں اس وقت کارروائی چل رہی ہے۔