کوئٹہ میں سبزل روڈ پر بھٹی گلی کے قریب پیش آئے حادثے میں گیس دھماکے سے میاں بیوی اور 8 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق سبزل روڈ پر دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں، زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کے برن یونٹ منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچوں کی عمریں 8 ماہ سے 7 سال کے درمیان ہیں، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے.
دھماکے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ سردی کی وجہ سے ہیٹر جلتا رہا اور گھر والے سو گئے، رات کو گیس بند ہونے کے بعد ہیٹر بند ہو گیا اور گیس بحال ہونے کے بعد کمرے میں گیس بھر گئی، صبح ہیٹر جلانے کے لیے ماچس سلگائی گئی تو زوردار دھماکا ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ قیمتی جانیں بچائی جاسکیں۔ حکام نے عوام الناس سے اپیل بھی کی ہے کہ سردی کی شدت بڑھ رہی ہے اور خدارا احتیاط کا دامن ہاتھ سے مت چھوڑیں، ذرا سی غفلت آپ کی جان لے سکتی ہے۔