ڈیرہ اسماعیل خان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 27 دہشت گرد ہلاک، 23 اہلکار شہید

منگل 12 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پیراور منگل کی درمیانی شب مشتبہ سرگرمیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 27 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے، تاہم درابن کے علاقے میں سیکیورٹی پوسٹ پر خود کش حملے میں 23 اہلکار بھی شہید ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر درازندہ کے عام علاقے میں مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

جنرل ایریا کلاچی میں انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں ڈھونڈ نکالا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے، تاہم اس مقابلے میں بہادری سے لڑتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے 2 جوان بھی شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی سرگرمی کے ساتھ ملوث تھے، سیکیورٹی فورسز کی ان کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کے ایک اور واقعہ میں منگل کی صبح، 6 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے درابن کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا تاہم ان کی پوسٹ میں داخلے کی کوشش کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا گیا۔

’جس کے بعد دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کو پوسٹ سے ٹکرادیا جس کے بعد ایک خود کش حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکوں کے باعث عمارت منہدم ہونے سے متعدد اموات ہوئی ہیں،  23 بہادر سپاہی شہادت کے رتبے پر سرفراز ہوگئے جبکہ تمام 6 دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے مقابلے کے بعد جہنم واصل کردیا گیا۔‘

ترجمان کے مطابق علاقے میں دوسرے دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے خدشے کے پیش نظر مختلف آپریشن کیے جا رہے ہیں۔ ’پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp