خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی 24 نشستوں پر ضمنی انتخابات معطل

جمعہ 3 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی 24 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل کر دیا۔

تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے خلاف اور ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کے لئے دائر درخواستوں پر سماعت جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس سید ارشد علی پر مشتمل پشاور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے کی۔

سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر گوہر خان نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اسپیکر نے بغیر تصدیق کیے ارکان کے استعفے منظور کیے۔ پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے 123 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے ایک ساتھ منظور کرنے کے مطالبہ پر اسپیکر نے استعفے منظور نہیں کیے۔

بیرسٹر گوہر خان نے عدالت کو بتایا  کہ اسپیکر نے خود کہا تھا کہ وہ ایک ایک رکن اسمبلی کو بلا کر ویریفکیشن کرے گے پھر استعفی منظور کئے جائے گے۔ 14 جنوری کے بعد حالات تبدیل ہوئے تو پی ٹی آئی نے دوبارہ اسمبلی جانے کا فیصلہ کیا۔

جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا کہ کیا ارکان اسمبلی نے استعفی واپس لینے کے لیے اسپیکر سے رابطہ کیا؟ بیرسٹر گوہر خان نے جواب میں کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے میڈیا پر اسمبلی واپس جانے کا اعلان کیا جو کافی ہوتا ہے۔

جسٹس عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ آپ پارلیمنٹ کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ استعفے منظور ہوئے تو ٹھیک ہے نہیں ہوئے تو واپس جائیں گے۔

بیرسٹر گوہر خان بولے؛ ہم پارلیمنٹ کے ساتھ نہیں کھیل رہے۔ اب 16 مارچ کو انتخابات ہورہے ہیں۔ ہماری استدعا ہے کہ الیکشن ملتوی کیے جائیں۔ لاہور اور اسلام آباد ہائیکورٹس نے ضمنی الیکشن ملتوی کردیے ہیں۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل خیبر پختونخوا ثناء اللہ نے عدالت کو بتایا کہ یہ لوگ 11 ماہ میں ایک دن بھی پارلیمنٹ نہیں گئے۔ استعفی دینے کے بعد اسپیکر کے پاس نہیں گئے۔کہا جا رہا ہے کہ ہمارا مقصد صرف حکومت پر نئے انتخابات کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔

بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ ان کے ارکان اسمبلی گئے لیکن اسپیکر نے انہیں اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔

جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا کہ آپ اتنےدیر سے عدالت کیوں آئے ہیں, ضمنی الیکشن تو قریب ہے۔ بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ تمام ممبران نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا لیکن عدالت نے کہا کہ آپ وہاں جائیں۔

جسٹس ارشد علی  نے ریمارکس دیے کہ دونوں عدالتوں نے انتخابی عمل معطل کردیا ہے۔ ہم ان کے دلائل سے مطمئن ہوں یا نہ ہوں لیکن وہاں پر ضمنی الیکشن معطل کردیا گیا ہے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے سوا باقی تمام جماعتوں نے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے۔ جسٹس ارشد علی بولے؛ پھر تو یہ ویسے بھی یہ متنازعہ ہوگا۔

بعد ازاں عدالت عالیہ نے خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات ملتوی کرتے ہوئے 16 اور 19 مارچ کو ہونے والے ضمنی انتخابات کا الیکشن شیڈول بھی معطل کردیا۔ پشاور ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری  کرتے ہوئے سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔

خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کے 24 حلقوں پر ضمنی انتخابات ہونا تھے۔

تحریک انصاف کے پرویز خٹک، مراد سعید، علی امین گنڈاپور، اسدقیصر اور نورالحق سمیت دیگر ارکان نے اپنے استعفوں کی منظوری کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

 

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp