بھارت نے تیسرے ٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ کو شکست دے دی

جمعرات 14 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی افریقہ اور بھارت کر درمیان کھیلی جانے والی 3 ٹی20 میچز کی سیریز کا تیسرا میچ آج جوہانسبرگ میں کھیلا گیا۔ بھارتی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 106 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔  جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارتی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے کپتان سوریا کما یادیو نے شاندار سینچری اسکور کی۔ انہوں نے 56 گیندوں پر 100 رنز مکمل کیے، اُن کی اننگز میں 7  چوکے اور آٹھ فلک شگاف چھکے شامل تھے جبکہ اُن کا اسٹرائیک ریٹ 178.57 تھا۔

اوپننگ بیٹر یشوی جیسوال نے 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ شبمن گل ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف8 رنز بنا سکے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور لیزاڈ ولیمز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم بھارتی تباہ کُن بولنگ کے سامنے لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 13.5 اوورز میں 94 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ڈیوڈ ملر 35 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، راویندرا جدیجا نے 2 جبکہ ارشدیپ سنگھ اور مُکیش کمار نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے مابین 3 ٹی20 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو ڈک ورتھ لوئیس قانون کے تحت 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز 17 دسمبر سے ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp