پی ایس ایل میں منتخب نہ ہونے کے بعد احمد شہزاد نے اہم فیصلہ کرلیا

جمعہ 15 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ کی ڈرافٹنگ کے بعد سیزن میں کسی بھی ٹیم کے لیے منتخب نہ ہونے پر اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹی 20 کپ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا پرفارم کرنے کے باوجود پی ایس ایل میں شامل نہ کرنا باعث تشویش ہے۔

سابق اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ نیشنل ٹی 20 کپ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کو شامل نہ کرنا باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، کیوںکہ پی ایس ایل فرنچائزز نے ان سے بری پرفارمنس کرنے والے پلیئرز کو بھی اٹھایا ہے جبکہ ان کی پرفارمنس بہترین رہی تھی۔

انہوں نے اپنے فینز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اس ساری صورت حال سے وہ خود تو پہلے سے ہی واقف ہیں لیکن جلد وہ اپنے فینز اور دیگر کرکٹ شائقین کو اس کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ تاہم انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے راہیں جدا کرتے ہوئے خود کو باعزت طور پر الگ کر دیا۔

’نہ کبھی پیسے کے لیے کھیلا ہوں اور نہ کبھی پیسے کے لیے کھیلوں گا۔‘

احمد شہزاد نے کہا کہ انٹرنیشنل لیگز کی جانب سے آفر ہونے کے باوجود وہ نہیں کھیلیں گے کیوں کہ وہ ہمیشہ گرین شرٹ پہن کر کھیلنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے آئندہ کے لیے پی ایس ایل کی ان 6 ٹیموں کا حصہ بننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تمام فرنچائزز نے مل کر ان کو پی ایس ایل سے باہر کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

تاہم انہوں نے اپنے فینز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں جو کچھ بھی حاصل کیا اس کے لیے اللہ اور اپنے فینز کا شکر گزار ہوں، ہمیشہ اپنے ملک کی سربلندی کے لیے کھیلا ہوں اور کبھی بھی اس ملک کو نیچا نہیں ہونے دوں گا۔ ایمانداری کی یہی قیمت ادا کرنا تھی تو ملک کے لیے یہ ایک بہت چھوٹا سا کام ہے۔ پاکستان زندہ باد

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp