پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی، پیٹرول 14، ڈیزل 13 روپے 50 پیسے سستاہو گیا

جمعہ 15 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 50 پیسے کمی کا اعلان کیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے ہوجائے گا۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں اضافے کے باعث نگراں وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

نگراں وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن  کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول قیمت میں 14 روپے جب کہ ڈیز ل کی قیمت میں 13 روپے 50 روپے فی لیٹر سستا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 11 روپے 29 پیسے کمی کی گئی ہے۔ جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 14 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

پیٹرول کی قیمت 14 روپے کمی کے بعد نئی قیمت 267 روپے 34 پیسے مقررکر دی گئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 50 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 276 روپے 21 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 29 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 164 روپے 64 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 14 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت  191روپے 2 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp