’ہر شہید کے نام پر درخت‘، ترکیہ میں قائم  اے پی ایس شہدا کی منفرد یادگار

ہفتہ 16 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ سے آدھے گھنٹے کی ڈرائیو پر جب ہم یادگار شہدا پہنچے تو یہ علاقہ شہر کے مرکزی حصے سے  بالکل مختلف تھا۔ انقرہ شہر کی خاصیت یہ ہے کہ یہاں آپ کو درخت خال خال ہی نظر آتے ہیں، لیکن جیسے ہی آپ ’کے چی اؤرین‘ میں پہنچیں تو یہاں چھانگا مانگا کا گمان ہوتا ہے۔  یہاں ترکیہ کے موجودہ صدر طیب اردگان کی جماعت کی جانب سے ’اے کے پارٹی میموریل فاریسٹ‘ قائم ہے۔ جہاں پر ہم آرمی پبلک اسکول کے شہدا کے لیے قائم ایک یادگار کا دورہ کرنے آئے ہیں۔

اس جگہ پر آکر ہمارے ذہن میں 16 دسمبر 2014 کا وہ دن فلم کی طرح دوبارہ چلنے لگا اور ہمیں اس دلخراش سانحے کی کوریج کا ایک ایک لمحہ یاد آگیا۔ یہ تاثرات تھے صحافی فیصل عباسی کے جنہوں نے گزشتہ مہینے صحافیوں کے ایک وفد کے ہمراہ ترکی کا دورہ کیا تھا۔

فیصل عباسی کے مطابق اس یادگار پر پہنچ کر ہمیں احساس ہوا کہ ترکیہ کے لوگ ہم سے کتنی محبت کرتے ہیں اور وہ ہماری خوشیوں ہی میں ہمارے شریک نہیں دکھ میں بھی ہمارے ساتھ ہیں۔

وی نیوز سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ہم نے وہاں  شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اس  دوران ہمارے کئی ساتھی اس سانحے کی یاد میں افسردہ ہوگئے۔

ان کے بقول دہشتگردی کے خلاف جنگ کی جو قیمت پاکستان نے چکائی اس کی مثال باقی دنیا میں دیکھنے میں نہیں آتی۔ ہمارے دکھ بانٹنے کے لیے ترکیہ نے جو اقدامات اٹھائے وہ انہیں سراہتے ہیں۔

یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014 میں سانحہ پشاور کے بعد ترکیہ کی حکومت نے ملک بھر میں سوگ کا اعلان کیا تھا۔ ترک حکومت اور عوام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا اور ہر محاذ پر شانہ بشانہ کھڑے ہوئے۔

جنوری 2015 میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ  پارٹی کے یوتھ ونگ اور ’کے چی اؤرین میونسپلٹی‘ نے  جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ  پارٹی میموریل فاریسٹ میں آرمی پبلک اسکول کے تمام شہدا کے نام پر درخت لگائے تھے۔

یادگار کا افتتاح

اس یادگارِ شہدا کا افتتاح اکتوبر 2015 میں ترکیہ کے 3 روزہ  سرکاری دورے پر آئے اُس وقت کے چیف آف آرمی اسٹاف پاکستان جنرل راحیل شریف نے کیا تھا۔ اس یادگار کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں شہید ہونے والے ہر ایک بچے کے نام سے درخت لگایا گیا تھا۔

میجر شبیر شریف  شہید کے نام کا پودا

انقرہ میں مقیم پاکستانی صحافی فرقان حمید نے وی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ 2015 میں منعقدہ اس یادگار کی افتتاحی تقریب میں ’کے چی اؤرین‘ بلدیہ کے میئر مصطفیٰ آق نےآرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بھائی میجر شبیر شریف  شہید کے نام سے بھی ایک پودا لگانے کا اہتمام کیا تھا۔ راحیل شریف ان کے اس اقدام سے خاصے متاثر ہوئے اور ان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

فرقان حمید کے مطابق اس یادگار میں ہر برس آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی یاد میں تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں ترک حکام، پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار، مقامی کمیونٹی سمیت طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے۔

رواں برس بھی آرمی پبلک اسکول کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یہاں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ترکیہ کے لیے  پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور کے چی اؤرین کے میئر ترگت الٹینوک سمیت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے عہدیداران، سرکاری افسران اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پاکستانی سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ 144 درخت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں  پاکستان اور ترکی کے 30 کروڑ عوام کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے،  کیونکہ دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

پاکستان کا درد ہمارا درد ہے

کے چی اؤرین کے میئر ترگت الٹینوک نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دوست اور برادر ملک ہیں۔ ترکیہ کا پاکستان کے ساتھ بھائی چارے کی بنیاد پر صدیوں سے رشتہ استوار ہے۔

آرمی پبلک اسکول کے شہدا خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا درد ہمارا درد ہے اس کی خوشی ہماری خوشی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp