امیر کویت کی وفات پر پاکستان میں ایک روز سوگ کا اعلان، وزیر اعظم آج کویت جائیں گے

اتوار 17 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت پاکستان نے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر18 دسمبر کو ایک روزہ ’قومی یوم سوگ‘ منانے کا اعلان کیا ہے جب کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ ان کی وفات پر اظہارِ تعزیت کے لیے کویٹ کا ایک روزہ دورہ بھی کریں گے۔

کابینہ سیکرٹریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے امیر کویت کی وفات پر کویتی عوام اور شاہی خاندان سے یکجہتی کے لیے 18 دسمبر کو ’قومی یوم سوگ‘ منایا جائے گا۔اس موقع پر ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

ادھر نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر تعزیت کے لیے پیر 18 دسمبر کو کویت کاایک روزہ دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کویت کے امیر کی وفات پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے شاہی خاندان، حکومت اور کویتی عوام سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کے لیے کویت کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔

کویتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کویت کی کابینہ نے شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات کے بعد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو نیا امیر کویت مقررکرنے کی منظوری دی ہے جن کی عمر 83 سال ہے۔

کویتی کابینہ نے شیخ نواف الاحمد الجابرالصباح کی وفات پر کویت میں 40 روز ہ سوگ کا بھی اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابرالصباح کا 86 برس کی عمر میں انتقال ہوا ہے۔ شیخ نواف الاحمد الجابرالصباح کو 2020 میں شیخ صباح الاحمد کے انتقال کے بعد نیا امیر مقرر کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp