الیکشن کمیشن کے نوٹس کیخلاف پی ٹی آئی کو عبوری ریلیف میں 21 دسمبر تک توسیع

منگل 19 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس میں 21 دسمبر تک حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے دیے گئے نوٹس کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ پر مشتمل پشاور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

وکیل الیکشن کمیشن محسن کامران نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے آج ہی جواب جمع کرایا ہے، جس پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اس کی کاپی فراہم کرنے کی استدعا کی، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ بولے؛ یہ آپ کا قانونی حق ہے آپ کو کاپی فراہم کریں گے۔

بیرسٹر گوہرخان سے مکالمہ کرتے ہوئے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ بولے؛ نیازی صاحب کو آپ پہلی بار پشاور لے آئے ہیں، نیازی صاحب اہم شخصیت ہیں جنہوں نے آپ کا الیکشن کرایا ہے، بیرسٹر گوہر بولے؛ نیازی صاحب پشاور آتے رہتے ہیں، یہ ہمارے لیے بہت اہم ہیں۔

بیرسٹر گوہر خان کی جانب سے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹس کے خلاف عبوری ریلیف میں توسیع کی درخواست عدالت نے منظور  کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے نوٹس کیخلاف عبوری ریلیف میں 21 دسمبر تک توسیع کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp