کیا کراچی پولیس ’انکاؤنٹر اسپیشلسٹ‘ بنتی جارہی ہے؟ شاید کیونکہ دستیاب اعداد وشمار کے مطابق اسٹریٹ کرائم کے لیے بدنام روشنیوں کے شہر میں گزشتہ ساڑھے 3 ماہ کے دوران 430 پولیس مقابلے رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے باعث مبینہ طور پر جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔
کراچی پولیس کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق شہر بھر میں رپورٹ ہونیوالے یومیہ 4 سے زائد پولیس مقابلوں میں تقریباً 5 ڈاکو ہلاک یا زخمی ہونے کی شرح ہے، پولیس مقابلوں کے نتیجے میں شہر میں جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔
مجموعی طور پر کراچی پولیس نے جنوری سے اپریل کے دوران 4 سو 6 پولیس مقابلے کیے، یومیہ پولیس مقابلوں کی شرح 3 سے زائد رہی، جنوری تا اپریل پولیس مقابلوں میں مجموعی طور پر 51 ڈاکو ہلاک ہوئے، جنوری سے اپریل تک پولیس مقابلوں میں 510 ڈاکو زخمی ہوئے۔
ہلاک و زخمی ڈاکوؤں کی شرح ساڑھے 4 فیصد سے زائد رہی ،مئی تا اگست کراچی پولیس نے 3 سو 18 مقابلے کیے، اس لحاظ سے یومیہ پولیس مقابلوں کی شرح ڈھائی فیصد رہی۔
مئی تا اگست پولیس مقابلوں میں 66 ڈاکو مارے گئے جبکہ اسی عرصہ میں پولیس مقابلوں میں 3 سو 72 ڈاکو زخمی ہوئے، یومیہ پولیس مقابلوں کی شرح ساڑھے 3 فیصد یومیہ رہی۔
دستیاب پولیس اعداد وشمار کے مطابق یکم ستمبر سے 15 دسمبر تک 4 سو 30 پولیس مقابلے ہوئے، ساڑھے 3 ماہ میں 55 ڈاکو پولیس مقابلے میں مارے گئے، اسی ساڑھے 3 ماہ میں 4 سو 55 ڈاکو پولیس مقابلوں میں زخمی جبکہ اسی عرصہ میں یومیہ تقریباً 5 ڈاکو ہلاک و زخمی ہوئے۔