الیکشن کمیشن: پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کے حوالے سے فیصلہ محفوظ

منگل 19 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں یقین ہے جو سوالات پوچھے گئے وہ کسی اور سے نہیں پوچھے گئے، پی ٹی آئی چیئرمین کے لیے تب انتخابات کراتے جب ایک سے زیادہ امیدوار ہوتے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے  کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے باقاعدہ شیڈول جاری کیا گیا تھا، پولنگ کی تاریخ اور وقت بھی شیڈول میں دیا گیا تھا۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ ہم الیکشن کمیشن کے حکم پر عملدرآمد کے لیے الیکشن کرا رہے تھے، بڑی جماعت اگر الیکشن سے باہر ہوجاتی ہے تو جمہوریت کے ساتھ برا ہو گا۔

وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن میں کوئی چیز پہلے سے طے شدہ نہیں تھی، بیلٹ پیپرز پانچوں رنگوں میں چھپے۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ جو بھی فیصلہ کرنا ہے جلدی کریں۔

ہمارا سرٹیفکیٹ 22 دسمبر سے پہلے جاری ہونا چاہیے، بیرسٹر علی گوہر

اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہاکہ ہمارا سرٹیفکیٹ 22 دسمبر سے پہلے جاری ہونا چاہیے، امید ہے کہ سپریم کورٹ فری اینڈ فیئر انتخابات کے لیے کردار ادا کرے گی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پر انٹراپارٹی انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا، جس میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر بلامقابلہ منتخب ہو گئے تھے۔

اس کے بعد پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیلنج کیا گیا تھا اور آج الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp