الیکشن کمیشن کا نگراں مشیر احمد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم، فواد حسن کا فیصلہ 21 دسمبر کو ہوگا

منگل 19 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگراں مشیر احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے ایڈووکیٹ سید عزیزالدین کاکا خیل کی درخواست پر فیصلہ سناتے احمد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ احد چیمہ گزشتہ دور میں بھی کابینہ کا حصہ رہے، وہ انتخابات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ احد چیمہ کو عہدے سے ہٹایا جائے۔

دوسری جانب نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد کے معاملہ پر 21 دسمبر کو سماعت ہوگی۔

واضح رہے کہ احد چیمہ اس وقت نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تھے، جبکہ شہباز شریف کے دور میں بھی اسی عہدے پر تعینات تھے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ ہفتے ملک میں شفاف انتخابات کرانے کی خاطر وفاقی کابینہ کے جانبدار اراکین کو ہٹانے کے لیے دائر درخواست پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سمیت کابینہ کے دیگر اراکین کو 19 دسمبر کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔

یہ بھی واضح رہے کہ نگراں کابینہ پر پیپلزپارٹی سمیت کچھ سیاسی جماعتیں اعتراض بھی اٹھا چکی ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ نگراں کابینہ میں مسلم لیگ ن کے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں۔

اس سے قبل نگراں کابینہ سے مستعفی ہونے والے سابق وزیر داخلہ سرفراز بگٹی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے تھے، لیکن انہوں نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے خود ہی استعفیٰ دے دیا اور پیپلزپارٹی میں شامل ہو گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp