کاغذات نامزدگی کا سلسلہ جاری، اسد قیصر اور علی امین گنڈاپور کو عدالت سے ریلیف مل گیا

بدھ 20 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوتے ہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو عدالتوں سے بڑا ریلیف مل گیا۔ پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر سابق اسپیکر اسد قیصر کے خلاف تھری ایم پی او واپس لے لیا گیا جبکہ صوبائی صدر علی امین گنڈاپور کے خلاف کارروائی روک دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر صوابی نے عدالتی حکم پر تھری ایم پی او واپس لے لیا اور حکم نامہ جاری کر دیا۔ جس کے مطابق ملزم اور کسی کیس میں مطلوب نہ ہوں تو رہا کیا جائے۔

جلسے ضرور کریں لیکن ریاست کیخلاف بات نہ کریں، عدالت

سابق اسپیکر اور تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا تھا۔ جبکہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسد قیصر امن و امان خراب کرنے کی کوشش نہیں کرے گا اور ساتھ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے پابند ہونگے۔ علاوہ ازیں اداروں کے خلاف مہم اور نعرے بازی بھی نہیں کریں گے۔ وہ ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کریں گے۔

اس سے پہلے سابق سپیکر اسد قیصر کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری پر کیس کی پشاور ہائی کورٹ میں ہوئی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اسد قیصر کے وکیل کو مخاطب کرکے ریمارکس دیے کہ آپ بھی گزارہ کرلیں اور اسٹیٹ اور اداروں کے خلاف بات نہ کریں۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن ہورہے ہیں سیاسی رہنما جلسے تو کریں گے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اب حلف دیتے ہیں کہ اسٹیٹ اور اداروں کے خلاف بات نہیں کریں گے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جلسے کریں لیکن اسٹیٹ اور اداروں کے خلاف بات نہ کریں۔

علی امین گنڈاپور کے خلاف بھی کارروائی رکوادی گئی

پشاور ہائی کورٹ ڈی آئی خان بینج نے حکومت کو تحریک انصاف کے صوبائی صدر علی امین گنڈاپور کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔ عدالت نے حکومت کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا۔

مخالفین جتنے مرضی الائنس بنائیں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی، اسد قیصر

دوسری جانب سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جیل سے رہائی کے بعد اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مخالفین جتنے مرضی الائنس بنا لیں تحریک انصاف کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہنے پر اپنے کارکنوں کا شکر گزار ہوں، عمران خان میرے لیڈر ہیں لیکن اس سے بڑھ کر ان سے بھائیوں سے جیسا تعلق ہے۔

اسد قیصر نے کہاکہ تحریک انصاف بنانے کا ایک مقصد تھا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہے، ایک ملک میں 2 دستور نہیں چل سکتے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ ہم ملک میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں اور اس کے لیے جدوجہد جاری رہے گی، ہم اس ملک کو قائد کا حقیقی پاکستان بنائیں گے۔

اسد قیصر نے کہاکہ ہم بھرپور الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں، میں جلد اپنے حلقے میں ایک سیاسی جلسہ کروں گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp