سندھ میں مذہبی مقامات کے دورے پر آئے ہندو یاتریوں نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں ہم نے بہت کچھ منفی سنا تھا۔ لیکن ہم جب سے یہاں آئے ہیں ہمیں امن و محبت کے علاوہ کچھ نہیں ملا۔
98 افراد پر مشتمل اس وفد میں شامل خواتین نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس حد تک ڈرایا گیا کہ ’تم مرنے کے لیے پاکستان جا رہے ہو‘۔ تاہم یہاں آکر ہمیں حالات بالکل مختلف ملے۔
جے پور سے آئی 70 سالہ شانتی دیوی کہتی ہیں جب انہوں نے اپنے عزیزوں کو بتایا کہ وہ پاکستان جا رہی ہیں، تو ان کا کہنا تھا کہ ’تم مرنے جا رہی ہو‘، لیکن یہاں آئی تو اتنا پیار ملا جو میں بیان نہیں کر سکتی۔
ممبئی سے تعلق رکھنے والے دلیپ کمار کا کہنا تھا کہ ہم نے جیسے ہی سرحد عبور کر کے پاکستانی سرزمین پر قدم رکھا تو ہمارا پھولوں سے ایسا استقبال کیا گیا جس کا ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ ان کے مطابق پاکستانی انتہائی ملنسار اور مہمان نواز ہیں۔
دلیپ کمار کہتے ہیں کہ وہ کوشش کریں گے کہ ان کے دوست بھی پاکستان آئیں۔