عمران خان کے کاغذات نامزدگی دستخط کروانے والے وکیل لاپتا، پنجاب میں متعدد امیدوار گرفتار

جمعرات 21 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چئیرمین عمران خان سے جیل میں ان کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کروانے کے لیے جانے والے وکیل لاپتا ہوگئے جبکہ پی ٹی آئی کے مطابق اب تک پنجاب کے مختلف حصوں میں آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات جمع کروانے والے متعدد امیدواروں کو یا تو گرفتار کرلیا گیا ہے یا پھر آر اوز دفاتر کے باہر ان کے ڈاکیومینٹس پھاڑ دیے گئے۔

ایڈوکیٹ رائے محمد علی جمعرات کو اڈیالہ جیل  گئے جہاں انہوں نے عمران خان سے کاغذات نامزدگی پر دستخط کروائے تاہم اس کے بعد وہ جیل کی حدود سے باہر نہیں آئے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ محمد علی کو جیل کے اندر سے ہی غائب کر دیا گیا ہے جبکہ جیل کے باہر رائے محمد علی انتظار میں کھڑے وکلا کے استفسار پر لاعلمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ موجودہ سیٹ اپ کے تناظر میں پاکستان ’بنانا ریپبلک‘ سے بھی  دو ہاتھ آگے نکل گیا ہے۔

پی ٹی آئی نے بتایا کہ آج عمران خان کے میانوالی NA 89 اور لاہور NA 122 سے کاغذات نامزدگی لیکر میں عمر بودلہ، رائے محمد علی اور اخلاق چٹھہ اڈیالہ جیل آئے تھے۔ رائے محمد علی دوپہر 2 بجے جیل گئے جبکہ دیگر کو اندر جانے نہیں دیا گیا۔

تقریباً شام 6 بجے ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا گیا کہ دوپہر 2 بجے کے اندر گئے رائے علی ابھی تک واپس نہیں آئے۔ جیل انتظامیہ کہہ رہی ہے کہ رائے علی چلے گئے لیکن دیگر وکلا تب سے گیٹ پر کھڑے ہیں۔ رائے علی باہر نہیں آئے۔ اسی دوران عمیر نیازی، شیر افضل مروت، عمران خان سے ملنے جیل گئے لیکن ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے رائے علی کو اندر نہیں دیکھا۔

وکیل عمر بودلہ کا کہنا ہے کہ ’یہ کیسے الیکشن ہو رہے ہیں کہ ملک کی سب سے بڑی جماعت کے بانی چیئرمین کے نہ کاغذات مل رہے ہیں نہ وکیل مل رہا ہے‘۔

دریں اثنا ایکس پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی نے بتایا کہ چکوال حلقہ پی پی 22 کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہوے تحریک انصاف کے ملک اختر شہباز ریٹرنگ آفس سے گرفتار ہوگئے- ٹوئٹ میں استفسار کیا گیا کہ کیا چیف جسٹس صاحب  اور الیکشن کمیشن اس پر نوٹس لیں گے؟

پارٹی کے مطابق وزیر آباد میں رہنما تحریک انصاف محمد احمد چٹھہ کے کاغذاتِ نامزدگی چھین لیے گئے-

سیالکوٹ میں ریٹرننگ افسر کے حکم پر پولیس نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے پہنچنے والے پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر چوہدری منور علی گل کے بیٹے حیدر علی گل کو  آر او کے دفتر سے گرفتار کر لیا-

پی ٹی آئی نے اپنے ایکس پیغام میں یہ بھی بتایا کہ وہاڑی میں مبینہ طور پر ریٹرننگ افسر کے حکم پر حلقہ  234  کے امیدوار زاہد اقبال چوہدری کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کے لیے  جانے والے حماد رضا جٹ ایڈووکیٹ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ جبکہ پولیس زاہد اقبال چوہدری کے کاغذات نامزدگی کی فائل بھی ساتھ لے گئی۔

گجرانوالہ پی پی 62 سے پاکستان تحریک انصاف کے چوہدری محمد علی کے کاغذات نامزدگی کو آر او آفس کے باہر وکلا سے لے کر پھاڑ دیا گیا-

دریں اثنا سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے موجودہ صورتحال کا مقابلہ کرنے پر کارکنان کو خراج تحسین  پیش کیا ہے۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جمعہ کو مکمل ہو گا

واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات 2024ء کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا بدھ سے شروع ہونے والا سلسلہ جمعے کو مکمل ہوگا۔

ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے انتخابی گہما گہمی شروع ہو چکی ہے اور امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی 12 جنوری کو واپس لیے جا سکیں گے جبکہ اسی روز امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو کی جائے گی جبکہ پولنگ 8 فروری کو ہو گی۔

دوسرا روز

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوسرے روز جمعرات کو 150 سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سےعام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے مسلم لیگ ن کی تہمینہ دولتانہ، صبا صادق اورعظمیٰ کاردار نے مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے جنرل اور مخصوص نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ لیگی رہنما مہر اشتیاق، مرزا جاوید، استحکام پاکستان پارٹی کے شعیب صدیقی سمیت دیگر نے کاعذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ سلمان اکرم راجہ، لطیف کھوسہ، سابق صوبائی وزیر عبدالغفور، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ اور آئی پی پی کے مراد راس نے اپنے اپنے حلقوں سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp