قسمت کی بات، امریکا میں شیشے کا ٹکڑا ہیرا کیسے نکلا؟

جمعرات 21 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کی جنوبی ریاست آرکنساس میں ڈائمنڈ اسٹیٹ پارک کا دورہ کرنے والے ایک شخص کو ملنے والی شے جسے وہ شیشہ کا ایک ٹکڑا سمجھ رہا تھا دراصل4.87 قیراط کا ہیرا نکلا۔

امریکا کی جنوبی ریاست آرکنساس کے علاقے لیپانٹو سے تعلق رکھنے والے جیری ایونز کا کہنا ہے کہ وہ مرفریزبورو کے پارک میں موجود تھے کہ انہیں شیشے کا ایک صاف ٹکڑا نظر آیا جسے انہوں نے اٹھا لیا اور اسے جیب میں ڈال دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ’ میں نے سوچا کہ یہ شیشے کا ایک ٹکڑا ہو سکتا ہے کیوں کہ یہ بظاہر واضح طور پر ایک شیشے کا ٹکڑا ہی نظر آ رہا تھا تاہم انہوں نے شیشے کا یہ ٹکڑا آرکنساس اسٹیٹ پارکس کے حکام کو بھی دکھایا اوران کا بھی یہ کہنا تھا کہ یہ واقعی بغیر کسی رنگ کے اتنا صاف اور شفاف ہے کہ یہ کوئی شیشے کا ٹکڑا ہی ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثر لوگ شیشے کے ٹکڑے کو ہیرا سمجھ کراٹھا لیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارک سے باہر نکلنے کے کچھ دیر بعد، انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اس چیز کو جیمولوجیکل انسٹی ٹیوٹ آف امریکا میں جانچنے کے لیے لے جائیں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ یہ ہیرا ہے یا شیشے کا کوئی ٹھوس ٹکڑا ہے۔

جیری ایونز کا کہنا ہے کہ چند ہفتوں کے بعد انہیں خبر ملی کہ جس چیز کے بارے میں ان کا خیال تھا وہ شیشے کا ایک ٹکڑا ہے، دراصل 4.87 قیراط کا ہیرا ہے جو تقریباً مکمل طور پر بے رنگ اور چمکتا ہوا ہے۔

جیری ایونز نے مزید کہا کہ جب محکمے والوں نےمجھے فون کیا اور بتایا کہ یہ حقیقی طور پر ایک ہیرا ہے تو میں خوشی کے مارے پاگل سا ہو گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں انہوں نے ہیرے کی اپنی تلاش کا اندراج کرانے کے لیے کریٹر آف ڈائمنڈ اسٹیٹ پارک سے رابطہ کیا۔

پارک کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ویمن کاکس نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ‘اگرچہ مجھے لوگوں کی جانب سے بہت سی ای میلز موصول ہوئیں، جن میں انہیں یہاں ملنے والی کسی چیز کی نشاندہی کرنے کے لیے کہا گیا ہے، لیکن مجھے یاد ہے کہ ’جی آئی اے‘ کی جانب سے ہیرے کی شناخت کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی نے مجھ سے باضابطہ رابطہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ جیری ایونز اپنی تاریخی دریافت (ہیرے) کو سرکاری طور پر رجسٹرڈ کروانے کے لیے پارک میں واپس لانے میں کامیاب رہے۔

پارک حکام کا کہنا ہے کہ ایونز کا ہیرا 2020 میں 9.07 قیراط براؤن ہیرا دریافت ہونے کے بعد سے سابق کان میں پایا جانے والا سب سے بڑا ہیرا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp