خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں زنانہ اسپتال سے ہفتہ کی دوپہر اغوا ہونے والی نومولود بچی بازیاب کرتے ہوئے مبینہ اغوا کار خاتون کوگرفتار کرلیا گیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے مطابق اغوا ہونے والی بچی کے والد عالم نور کی مدعیت میں ایک نامعلوم خاتون کے خلاف تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس واقعہ کے بعد بچی کے والدین نے اسپتال انتظامیہ سے بچی کو ڈھونڈنے کے لیے مدد کی اپیل بھی کی تھی تاہم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسپتال کے کیمرے خراب ہیں جس کے بعد اسپتال کے باہر سڑک اور دیگر راستوں پر نصب شدہ کیمروں سے مدد لی گئی۔
پولیس ٹیم نے ابتدائی تحقیقات کے بعد سٹی سے ملحقہ ایک علاقہ ہمت کے ایک گھر پر چھاپا مارا جہاں سے بچی کو بازیاب کرلیا گیا جس کے بعد اسے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
چھاپے کے دوران پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر لیا جس نے اعتراف جرم کرلیا اور اس حرکت کی وجہ اپنی بے اولادی بتائی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ چوں کہ ان کی کوئی اولاد نہیں تھی اس لیے انھوں نے اسپتال سے مذکورہ بچی کو اغوا کرلیا تھا۔